Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی مسلح افواج کے ڈائریکٹر جوائنٹ چیفس آف سٹاف کی پاکستان فضائیہ کے سربراہ سے ملاقات

سعودی مسلح افواج کے وفد نے پاکستان کی فضائیہ کے سربراہ سے ملاقات کی۔ فوٹو: پاک فضائیہ
سعودی مسلح افواج کے ڈائریکٹر جوائنٹ چیفس آف سٹاف میجر جنرل حمید بن رافع العامری کی قیادت میں سعودی مسلح افواج کے وفد نے پاکستان کی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی ہے۔
پیر کو پاکستان کی فضائیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سے اسلام آباد میں ان کے دفتر میں سعودی مسلح افواج کے وفد نے ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دو طرفہ دفاعی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی مسلح افواج کے ڈائریکٹر جوائنٹ چیفس آف سٹاف میجر جنرل حمید بن رافع العامری نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔
انہوں نے  سیلاب متاثرین کے لیے کی جانے والی امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے عمل کے دوران پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی کوششوں اور سول انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون پر ان کی تعریف کی۔
 بیان کے مطابق میجر جنرل حمید بن رافع نے ہوا بازی کی صنعت میں پاکستان کی فضائیہ کی خود انحصاری پر مبنی صلاحیتوں کا بھی اعتراف کیا اور دونوں فضائی افواج کے درمیان خاص طور پر تربیت اور آپریشنل ڈومینز میں پہلے سے استوار تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔
’ایئر چیف مارشل ظہیر احمد نے پاکستان کی فضائیہ کی آپریشنل ساخت سے متعلق فضائی، خلائی اور سائبر سپیس ڈومینز میں عسکری و آپریشنل صلاحیتوں کے حصول کے لیے پاک فضائیہ کو جدت سے استوار کرنے کی مہم کے وسیع منصوبوں کا ذکر کیا اور کہا کہ پاک فضائیہ ان ٹیکنالوجیز کے حصول اور ترقی پر پوری توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہے۔‘
ایئر چیف نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتے قائم ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کا مظہر ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے سعودی عرب کی جانب سے سیلاب متاثرین کی مسلسل اور بلا تعطل امداد پر شکریہ ادا کیا اور اس بات کا اظہار کیا کہ پاکستان میں سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی کے عمل میں عالمی برادری کی جانب سے امداد انتہائی اہمیت کی حامل رہے گی۔

شیئر: