Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اپنے جوہری ہتھیاروں کی حفاظت کر سکتا ہے: امریکہ 

امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا تھا کہ پاکستان خطرناک ترین ممالک میں سے ایک ہے۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
امریکہ نے کہا ہے کہ اسے اعتماد ہے کہ پاکستان اپنے نیوکلیئر ہتھیاروں کی حفاظت کر سکتا ہے۔ 
پیر کو امریکہ کے محکمہ خارجہ کے ترجمان ویڈنٹ پٹیل نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’امریکہ کو اعتماد ہے کہ پاکستان اپنے نیوکلیئر ہتھیاروں کو کنٹرول کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ امریکہ کو پاکستان کی جانب سے اپنے جوہری ہتھیاروں کو محفوظ بنانے کی کمٹمنٹ اور صلاحیت پر اعتماد ہے۔‘
خیال رہے چند دن پہلے امریکی صدر جو بائیڈن کے پاکستان کے نیوکلیئر پروگرام کے بارے  میں بیان کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں کشیدگی آئی تھی۔
جو بائیڈن نے دو روز قبل جمعے کو ڈیموکریٹک کانگریشنل کمپین کمیٹی کی ایک فنڈ ریزنگ تقریب میں تقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’پاکستان دنیا کے خطرناک ترین ملکوں میں سے ایک ہے جس کا ایٹمی پروگرام بے قاعدہ ہے۔‘
محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’امریکہ ہمیشہ ایک محفوظ اور خوشحال پاکستان کو اپنے مفادات کے لیے اہم سمجھتا ہے اور پاکستان کے ساتھ اپنے طویل مدتی تعاون کی قدر کرتا ہے۔‘

وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر کے بیان کو حقائق کے برعکس اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا تھا۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)

انہوں نے کہا کہ یو ایس ایڈ کی سربراہ سمنتھا پاور اور سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے قونصلر ڈیرک چھولٹ تباہ کن سیلابوں کے بعد پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں۔
وینڈنٹ پٹیل کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ ایسا تعلق ہے جس کو ہم اہم سمجھتے ہیں اور ایسی چیز ہے جس میں قریبی تعلقات کے لیے اس کو ہم جاری رکھنا چاہتے ہیں۔‘
واضح رہے کہ امریکی صدر کے بیان کے بعد وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے ان کے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے پاکستان سے متعلق کوئی نئی بات نہیں کی۔
جمعے کو ایک پریس بریفنگ کے دوران وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرین ژاں پیئر نے کہا کہ امریکی صدر ایک محفوظ اور خوشحال پاکستان چاہتے ہیں۔ صدر جو بائیڈن نے اس سے قبل بھی ایسے تبصرے کر چکے ہیں۔ لہٰذا اس میں کوئی نہیں بات نہیں۔
جو بائیڈن کے بیان پر پاکستان کی حکومت نے شدید احتجاج کیا اور امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاجی مراسلہ دیا تھا۔

ویڈنٹ پٹیل نے کہا کہ ’امریکہ ہمیشہ ایک محفوظ اور خوشحال پاکستان کو اپنے مفادات کے لیے اہم سمجھتا ہے۔‘ (فائل فوٹو: سکرین گریب)

پاکستانی دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ ’(امریکی صدر کے) غیر ضروری ریمارکس پر پاکستان کی مایوسی اور تشویش سے امریکی سفیر کو آگاہ کیا گیا۔ یہ بیان زمینی حقائق پر مبنی نہیں تھا۔‘
وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر کے بیان کو حقائق کے برعکس اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا تھا اور کہا تھا کہ پاکستان ایک ذمہ دار جوہری ریاست ہے۔

شیئر: