ضلع ٹانک میں پولیس کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، سات اہلکار جان سے گئے
مقامی پولیس نے بتایا کہ اے پی سی گاڑی تھانہ گومل سے ٹانک آ رہی تھی۔ فوٹو: ٹانک پولیس
صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں پولیس کی بکتر بند گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے نتیجے میں سات اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق تھانہ گومل کی حدود میں پولیس کی بکتر بند (اے پی سی) گاڑی کو دیسی ساختہ بارودی سرنگ (آئی ای ڈی) سے نشانہ بنایا گیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ دھماکے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور ایس ایچ او سمیت پانچ اہلکار موقع پر دم توڑ گئے۔ دو اہلکار بعد ازاں ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان سے چلے گئے۔
مارے جانے والے اہلکاروں میں ایڈیشنل ایس ایچ او اسحاق خان، شیر اسلم خان سب انسپکٹر، عبدالمجید ڈرائیور، حضرت علی، احسان اللہ، دو ایف سی اہلکار ارشد علی اور اللہ داد خان شامل ہیں۔
مقامی پولیس نے بتایا کہ اے پی سی گاڑی تھانہ گومل سے ٹانک آ رہی تھی جس کو راستے میں نشانہ بنایا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دہشت گرد حملے میں پولیس اہلکاروں کی اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کے ذمہ دار دہشت گردوں کو جلد از جلد ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ’وزیراعظم نے واقعے میں شہید ہونے والوں کیلئے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔‘
وزیراعظم نے فوری تحقیقات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کے ذمہ دار دہشت گردوں کو جلد از جلد ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔
خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی اور وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے مارے جانے والے اہلکاروں کے اہل خانہ سے تعزیت کے پیغامات جاری کیے۔
دونوں عہدیداروں نے الگ الگ بیانات میں کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس دہشتگردوں کا فرنٹ لائن پر مقابلہ کر رہی ہے۔ ’قیام امن کے لیے پولیس شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔‘
بیانات میں کہا گیا کہ پولیس فورس پر حملوں سے امن دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔
’صوبائی حکومت شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے، ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔‘
ادھر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمارے دو ہمسائے ہیں جن میں ایک دہشت گردی کو سپانسر کر رہا ہے جبکہ دوسرا سپورٹ کر رہا ہے۔‘