Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پروجیکٹ مینجمنٹ، سیلز اور فوڈ سیکٹر سمیت مزید 11 پیشوں کی سعودائزیشن

پرائیویٹ سیکٹر میں سعودی ملازمین کی تعداد 2.13 ملین سے تجاوز کر گئی ہے (فوٹو: العربیہ)
سعودی وزارت افرادی قوت نے سال رواں کے اختتام سے قبل مزید 11 پیشوں کی سعودائزیشن کا عزم  ظاہرکیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود انجینیئر احمد الراجحی نے کہا ہے کہ ’وزارت سال رواں کے اختتام سے قبل سعودائزیشن کے حوالے سے مزید 11 نئے فیصلے جاری کرے گی۔ پروجیکٹ مینجمنٹ، سیلز اور فوڈ اینڈ ڈرگ سیکٹر کے پیشوں کی بھی سعودائزیشن ہوگی۔‘ 
انجینیئر احمد الراجحی نے ریاض ایوان صنعت و تجارت میں سرمایہ کاروں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’مختلف پیشوں، سرگرمیوں اور شعبوں کی سعودائزیشن کی بدولت پرائیویٹ سیکٹر میں سعودی ملازمین کی تعداد میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔ ان کی تعداد 2.13 ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔‘
’سعودی شہریوں میں بے روزگاری کی شرح کم ہوکر 9.7 فیصد تک رہ گئی ہے۔ اقتصادی سرگرمیوں میں خواتین کی شرکت کا تناسب 35.6 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔‘ 
سعودی وزیر افرادی قوت کا کہنا تھا کہ ’پرائیویٹ سیکٹر سعودی شہرہوں کو روزگار فراہم کرنے کے سلسلے میں قابل قدر کردار ادا کر رہا ہے۔ سعودی وژن 2030 کے اہداف کی تکمیل کے لیے سرمایہ کار منفرد شراکت کا ثبوت دے رہے ہیں۔‘  
انہوں نے کہا کہ ’پرائیویٹ سیکٹر میں قانون محنت اور اس کے لائحہ عمل کی پابندی کا تناسب اس سال 98 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔ اچھی بات یہ بھی ہے کہ ملازمین کے 74 فیصد سے زیادہ مسائل عدالتوں سے باہر مصالحت کے ذریعے طے کیے جا رہے ہیں۔‘ 
انجینیئر احمد الراجحی نے کہا کہ ’بینکوں کے ذریعے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کا تناسب 80 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔ 3.8 ملین سے زیادہ ملازمت کے معاہدوں کی آن لائن توثیق ہو چکی ہے۔۔ ملازمت کے معاہدوں کا آن لائن اندراج بڑھ رہا ہے۔ یہ آجر اور اجیر کے حقوق و فرائض کے تحفظ کی بڑی ضمانت ہے۔‘ 

شیئر: