Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قصیم: موسم سرما کا روایتی لباس ’فروہ‘ نوجوانوں میں مقبول

اس کا علاقے کے سماجی و ثقافتی ورثے سے بھی گہرا تعلق ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
قصیم ریجن میں موسمِ سرما کی آمد کے ساتھ ہی قصیم ریجن میں روایتی گرم اوور کوٹ ’فروہ‘ کی واپسی ہوتی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق یہ روایتی لباس محض موسم سرما میں جسم کو گرم رکھنے کا ذریعہ نہیں بلکہ علاقے کے سماجی و ثقافتی ورثے سے بھی گہرا تعلق رکھتا ہے۔ یہ لباس روایتی طرز زندگی کی یادیں تازہ کرتا ہے اور نسلوں کو ان کے مشترکہ عوامی ورثے سے جوڑے رکھتا ہے۔
صحرائی علاقوں میں موسم گرما میں شدید گرمی پڑتی ہے۔ اسی طرح سردیوں میں یہاں سرد ہواؤں کا بسیرا ہوتا ہے۔ صحرائی ماحول اور سرد موسم سے بچاؤ کے لیے فروہ کا استعمال عام تھا۔
یہ مجالس، صحرائی سیاحت اور سفر کے دوران پہنی جاتی تھی تاہم وقت کے ساتھ یہ محض سردی سے بچاؤ کا ذریعہ ہی نہیں بلکہ روایتی لباس اور مقامی ثقافت کی علامت بھی بن گئی ہے۔
ابتدا میں فروہ بھیڑ اور بکری کی کھال اور قدرتی اون سے تیار کی جاتی تھی تاہم اب اس کی تیاری میں قدرتی و مصنوعی ’فر‘ کے علاوہ دیگر اجزا بھی استعمال ہو رہے ہیں۔ اس کے رنگوں اور ڈیزائن میں بھی تنوع آ گیا ہے تاہم روایتی شناخت اب بھی برقرار ہے۔

قصیم کے روایتی ورثے میں دلچسپی رکھنے والے محمد الشایع کے مطابق فروہ مقامی لوگوں کی سماجی یادداشت کا حصہ ہے کیونکہ اس کا تعلق موسم سرما کی مجالس اور خاندانی ملاقاتوں سے رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا جدید لباس کے متنوع رجحانات کے باوجود فروہ کا استعمال بدستور جاری ہے۔
فروہ کی مقبولیت اب نوجوانوں میں بھی بڑھ رہی ہے۔ اس کا استعمال صرف بزرگوں تک محدود نہیں رہا۔ یہ روایتی ثقافت اور جدید طرزِ لباس کا امتزاج بن چکی ہے۔ 

نوجوان اپنے ورثے اور جدید انداز کا حسین امتزاج تلاش کرتے ہیں خصوصی دکانیں اور ماہر کاریگر مختلف ڈیزائن پیش کرکے اور روایتی سلائی کی مہارتوں کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ فروہ بدلتے ہوئے ذوق اور طرز زندگی کے مطابق ڈھل جانے کے باجود آج بھی نسل در نسل اپنی اہمیت اور مقام بر قرار رکھے ہوئے ہے۔

 

شیئر: