Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روایتی ورثہ اور ثقافت: ریاض میں کنگ عبدالعزیز فالکنری فیسٹیول 2026 کا آغاز

فیسٹیول میں شوقیہ، پروفیشنل اور ایلیٹ کیٹیگریز کے درمیان مقابلے ہوں گے۔( فوٹو: ایس پی اے)
ریاض کے شمالی علاقے ملھم میں نیشنل سینٹر فار فالکنز کے زیر اہتمام کنگ عبدالعزیز فالکنری فیسٹیول 2026 کا آغاز ہو گیا ہے جو 30 نومبر تک جاری رہے گا۔
ایس پی اے کے مطابق فیسٹیول میں مقامی اور بین الاقوامی فالکنرز شریک ہیں جو ’الملواح‘ اور’المزاین‘ کے مقابلوں میں حصہ لیں گے۔
مقابلے میں 140 راؤنڈز ہوں گے۔ انعامی رقوم کے علاوہ کنگ عبدالعزیز کپ، ’شاہی تلوار‘ اور ’شلفا الملک‘ (فالکنری فیسٹیول کا سب سے نمایاں اور شاہی رؤانڈ جس میں قیمتی انعامات ہوتے ہیں، یہ راؤنڈ خصوصی طورپر منعقد کیا جاتا ہے۔
نیشنل سینٹر فار فالکنز کے سی ای او طلال بن عبدالعزیز الشمیسی نے بتایا ’یہ فیسٹیول فالکنری مقابلوں کے انعقاد میں عالمی سطح پر سعودی عرب کے مقام، روایتی ورثے، ثقافت اور معیشت کے شعبوں میں ہونے والی ترقی کا عکاس ہے۔‘

انہوں نے بتایا فیسٹیول کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل ہیں جن میں مقابلوں کے میدان، متعلقہ سہولتوں اور خدمات کی تیاری کے علاوہ فنی، انتظامی اور لاجسٹک امور کو مربوط بنانا شامل ہے۔
فیسٹیول میں شوقیہ، مالکان، پروفیشنل اور ایلیٹ کیٹیگریز کے درمیان مقابلے ہوں گے۔ علاوہ ازیں نوجوانوں میں فالکنری کے شوق کو فروغ دینے، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں عملی تجربہ حاصل کرنے کا موقع دینے کے لیے ’ فیوچر فالکنز‘ کے عنوان سے دو خصوصی مقابلوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

رواں برس کے مقابلوں میں ’شاہی تلوار‘ کے لیے چارراؤنڈز ہیں۔ ’شاہی شلفا‘ کے اعزاز کے لیے دو مقابلوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔
فیسٹیول کے مقابلوں کی خصوصی میڈیا کوریج کا بھی اہتمام ہے۔ ’الملواح‘ کے مقابلوں کا تجزیاتی پروگرام بھی پیش کیا جائے گا جس میں ریس کی صورتحال، نتائج اور بازوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

علاوہ ازیں ’قرناس‘ کے عنوان سے پروگرام پیش کیا جائے گا جس میں فالکنری ماہرین کے براہ راست انٹرویوز، گراؤنڈ رپورٹس اور شرکا کے تاثرات کے ساتھ  دیگر سرگرمیوں کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔

 

شیئر: