سیاحت کے 130 تجربات فراہم کرتا سعودی عرب کا شمالی رُوٹ
سیاحت کے 130 تجربات فراہم کرتا سعودی عرب کا شمالی رُوٹ
بدھ 18 نومبر 2026 8:42
کھانا اس تجربے کا ایک اور اہم حصہ ہے، جہاں جريش، قرصان اور مرقوق جیسے علاقائی پکوان سیاحوں کو روایتی سعودی کوکنگ کا ذائقہ چکھاتے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کو اس کے بڑے شہروں سے آگے بڑھ کر دیکھنے کے خواہشمند سیاح ’شمالی رُوٹ‘ (نادرن رُوٹ) کے ساتھ 130 سے زیادہ سیاحتی تجربات دریافت کر سکتے ہیں۔ یہ 1200 کلومیٹر طویل سفر ہے جو ریاض، قصیم اور حائل کے 16 مقامات پر مشتمل ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی ونٹر 2026 سیاحتی پروگرام کا حصہ بننے والا یہ روٹ صحرائی ایڈوینچر، تاریخی مقامات، روایتی بازاروں اور دیہی تجربات کو ایک جگہ جمع کرتا ہے، جس سے آنے والوں کو روڈ کے ذریعے مملکت کے ثقافتی اور قدرتی مناظر دریافت کرنے کی ترغیب ملتی ہے۔
’ہر پڑاؤ ایک سفر ہے‘کے نعرے کے تحت کام کرنے والے اس منصوبے کا مقصد روڈ ٹرپ کو سیاحتی تجربات میں بدلنا ہے، جہاں ہر منزل مقامی روایات، مناظر اور برادریوں کو دیکھنے اور سمجھنے کے مواقع فراہم کرتی ہے۔
ریاض سے حائل ریجن کے جُبہ تک پھیلا ہوا یہ روٹ سیاحوں کو اپنی ترجیحات کے مطابق سفر کی منصوبہ بندی کرنے کی اجازت دیتا ہے، چاہے وہ بیرونی سرگرمیاں ہوں، ثقافتی مقامات ہوں، مقامی پکوان ہوں یا تاریخی ورثے کے مقامات ہوں۔
صحرائی مناظر اس کے اہم ترین کشش کے مراکز میں سے ہیں، جہاں کی سرگرمیوں میں کیمپنگ، فوٹوگرافی اور بیرونی تفریح شامل ہیں۔ مملکت کا سردیوں کا موسم سیاحوں کو ایسے مقامات کی سیر کا موقع بھی فراہم کرتا ہے جن کی سیر گرمیوں کے مہینوں میں مشکل ہوتی ہے۔
ایڈوینچر ٹورازم کے علاوہ، ناردرن روٹ ان علاقوں کی ثقافتی شناخت کو بھی نمایاں کرتا ہے جن سے یہ گزرتا ہے۔
سیاح تاریخی محلوں، روایتی طرزِ تعمیر اور ورثے کے ان مقامات کو دیکھ سکتے ہیں جو مملکت کے ماضی کی عکاسی کرتے ہیں، جبکہ مقامی بازار مختلف برادریوں سے جڑے دستکاری کے نمونے اور مصنوعات دریافت کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
کھانا اس تجربے کا ایک اور اہم حصہ ہے، جہاں جريش، قرصان اور مرقوق جیسے علاقائی پکوان سیاحوں کو روایتی سعودی کوکنگ کا ذائقہ چکھاتے ہیں۔
سیاح وزٹ سعودی پلیٹ فارم کے ذریعے مختلف منازل، سرگرمیوں اور دستیاب تجربات کے بارے میں معلومات حاصل کر سکتے ہیں (فوٹو: الریاضیہ)
قصیم میں، سیاح کلیجہ بھی دریافت کر سکتے ہیں، جو اس علاقے کے غذائی ورثے سے جڑا ایک روایتی پیسٹری جیسا پکوان ہے۔
یہ روٹ دیہی اور زرعی سیاحت کو بھی فروغ دیتا ہے، جس سے سیاحوں کو فارمز دیکھنے، مقامی زرعی طریقوں کو سمجھنے اور بڑے شہری مراکز سے باہر کی زندگی کا تجربہ کرنے کا موقع ملتا ہے۔
شمالی روٹ سعودی عرب کی سیاحتی خدمات میں تنوع لانے اور ملکی و بین الاقوامی سیاحوں کو معروف مقامات سے آگے کی دنیا دیکھنے کی ترغیب دینے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔
ایڈوینچر ٹورازم کے علاوہ، ناردرن روٹ ان علاقوں کی ثقافتی شناخت کو بھی نمایاں کرتا ہے جن سے یہ گزرتا ہے (فوٹو: سعودی پیڈیا)
بڑے شہروں کو چھوٹے قصبوں، دیہی برادریوں اور ورثے کے مقامات سے جوڑ کر، اس منصوبے کا مقصد مملکت کے مختلف حصوں میں سیاحتی سرگرمیوں کو پھیلانا ہے۔
سیاح وزٹ سعودی پلیٹ فارم کے ذریعے مختلف منازل، سرگرمیوں اور دستیاب تجربات کے بارے میں معلومات حاصل کر سکتے ہیں، جس سے وہ اپنی پسند اور ترجیحی مقامات کے مطابق اپنے سفر کا خاکہ تیار کر سکتے ہیں۔