Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں جزوی سورج گرہن 25 اکتوبر کو، کیسے اور کہاں دیکھا جاسکے گا؟

سورج گرہن کی ابتدا منگل کی دوپہر 2 بجکر چالیس منٹ پر ہوگی ( فوٹو امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات شارجہ یونیورسٹی میں فلکیات کے ماہر پروفیسر ڈاکٹر مشھور الوردات نے کہا ہے کہ’ منگل 25 اکتوبر کو متحدہ عرب امارات میں سورج گرہن کا امکان ہے‘۔
شارجہ چینل کے معروف پروگرام ’الخط المباشر’ کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈاکٹر مشھورالوردات نے کہا کہ ’امارات میں جزوی سورج گرہن زیادہ سے زیادہ 40 فیصد تک ہوگا‘۔
انہوں نے کہا کہ ’پوری دنیا میں 25 اکتوبر کو سورج گرہن جزوی ہی ہوگا۔ سورج گرہن کا سب سے زیادہ اثر روس میں ہوگا جہاں 80 فیصد تک سورج نظروں سے اوجھل رہے گا۔ امارات اور خلیج کی بیشترعرب ریاستوں میں چالیس فیصد تک سورج گرہن دیکھا جا سکے گا‘۔ 
امارات میں سورج گرہن کی شروعات مقامی وقت کے مطابق  منگل کی دوپہر 2 بجکر چالیس منٹ پر ہوگی جبکہ  3 بجکر 5 منٹ پر سورج گرہن نقطہ عروج کو پہنچ جائے گا۔۔ 
شارجہ یونیورسٹی میں فلکیات کے ماہر نے کہا کہ ’عام لوگ کسی دوربین کی مدد کے بغیر سورج گرہن دیکھ سکیں گے۔ بہتر ہوگا کہ کوئی شخص براہ راست سورج گرہن کا مشاہدہ نہ کرے جو لوگ دھوپ کا چشمہ استعمال نہ کرتے ہوں وہ مخصوص گلاس کی مدد سے سورج گرہن کا نظارہ کریں‘۔
ڈاکٹر مشھور الوردات نے کہا کہ’ شارجہ اکیڈمی برائے سائنس و ٹیکنالوجی سورج گرہن دیکھنے کے لیے عام لوگوں کے لیے دوپہر دو بجے سے کھول دی جائے گی اور اس کی کوئی فیس نہیں ہوگی۔ اکیڈمی میں سورج گرہن دیکھنے کے لیے خصوصی ٹیلی سکوپ موجود ہے‘۔
علاوہ ازیں خصوصی سکرینز پر بھی گرہن کے مناظر دکھائے جائیں گے کیونکہ گرہن کے موقع پر سورج پر نظر ڈالنا مشکل ہوگا۔ 

شیئر: