Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شادی سے انکار، الجزائری نوجوان نے سکول ٹیچر پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی

ریما عنان کے یورپ میں علاج کے لیے امدادی مہم چلائی جا رہی ہے(فوٹو العربیہ)
الجزائر کے مشرقی صوبے تیزی وزو میں ایک نوجوان نے شادی سے انکار پر سکول ٹیچر کو پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ آگ سے 60 فیصد جسم جھلس گیا۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر 28 سالہ ریما عنان کے یورپ میں علاج کے لیے امدادی مہم چلائی جا رہی ہے۔ کم وقت میں خطیر رقم جمع ہوئی ہے۔
ریما عنان فرانسیسی زبان کی ٹیچر ہے۔ اس کے ہمسایے نے اس سے شادی کی بات کی تھی تاہم ریما نے معذرت کرلی تھی۔
گزشتہ روز ریما عنان سکول سے گھر واپس جارہی تھی۔ ہمسائے کے نوجوان نے اسے بس پر سوار ہوتے ہوئے دیکھا تو اس پر حملہ کیا اور پٹرول چھڑک کرآگ لگادی۔

آگ سے 60 فیصد جسم جھلس گیا، علاج کے لیے سپین لے جایا گیا ہے( فوٹو العربیہ)

 ریما کو فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق آگ لگنے سے جسم کا  60 فیصد حصہ  جھلس گیا ہے۔ اس کا علاج الجزائر میں نہیں ہوسکتا۔ فضائی ایمبولینس سے سپین لے جایا گیا ہے۔
سکول ٹیچر کے ایک رشتہ دار نے بتایا کہ’ شادی سے انکار کے بعد ہمسائے میں رہنے والا نوجوان اسے مسلسل تنگ کررہا تھا۔ ریما نے تنگ آکر فرانس جانے کا فیصلہ کرلیا تھا‘۔ 
ریما کے چچا زاد بھائی جمال عنان نے بتایا کہ ’حملے کے بعد چیخ و پکار کی آواز سن کر دوڑا تو دیکھا کہ ریما درد سے کراہ رہی ہے۔ وہ مسلسل  کہہ رہی تھی کہ اس نے مجھے جلادیا۔ میرا مستقبل تباہ کردیا۔‘ 
جمال عنان نے بتایا کہ’ ہمارے گاؤں کی آبادی 900 افراد پر مشتمل ہے اور یہاں ایسا واقعے پہلے کبھی نہیں ہوا‘۔  

شیئر: