Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’شادی سے انکار‘، نازیبا تصاویر وائرل کرنے پر خاتون گرفتار

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمہ کے کئی جعلی فیس بک اکاؤنٹس بھی سامنے آئے ہیں۔ فائل فوٹو: روئٹرز
کراچی میں شہری کی غیر اخلاقی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کے الزام میں ایک خاتون ٹیچر کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے مطابق طاہر رشید نامی شخص نے خاتون سکول ٹیچر کے خلاف مقدمہ درج کرواتے ہوئے کہا کہ ملزمہ نے ان کے ساتھ دوستی کی اور غیر اخلاقی تصاویر بنائیں۔
ایف آئی اے میں درج کیے گئے مقدمے کے مطابق جب ملزمہ نے طاہر سے شادی کا کہا اور انہوں نے انکار کیا تو ملزمہ نے ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر ڈال دیں۔
ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کے مطابق ملزمہ کے موبائل فون سے سے بلیک میلنگ والی کئی غیر اخلاقی ویڈیوز بھی برآمد ہوئی ہیں اور ان کے کئی جعلی فیس بک اکاؤنٹس بھی ہیں۔
تفتیش کرنے پر ایف آئی اے کو معلوم ہوا کہ ملزمہ نے طاہر کے علاوہ بھی کئی افراد کو بلیک میل کیا۔
سائبر کرائم سرکل کے ایڈیشنل ڈائریکٹر کے مطابق ملزمہ نے طاہر کے ایک اور قریبی رشتہ دار کو بھی اسی طرح بلیک میل اور ہراساں کیا تھا۔
اس کے علاوہ ملزمہ سے موبائل فون کی متعدد سمز بھی ملی ہیں جو وہ اس طرح کے معاملات میں استعمال کرتی رہی ہیں۔
عدالت نے ملزمہ کو 14 روزہ عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا اور کیس کی خاتون تفتیشی افسر کو تحقیقات مکمل کر کے چالان جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

شیئر: