Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کابینہ کا اجلاس، اہم علاقائی و بین الاقوامی امور کا جائزہ

کابینہ کا اجلاس جدہ میں شاہ سلمان بن عبد العزیز کی صدارت میں ہوا ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے صنعت کی قومی حکمت عملی کی منظوری دی ہے۔ نئی حکمت عملی قومی پیداوار اور تیل کے ماسوا برآمدات کے فروغ اور اقتصادی وسائل میں تنوع کا باعث بنے گی۔  
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق منگل کو کابینہ کا اجلاس جدہ کے قصر السلام میں شاہ سلمان بن عبد العزیز کی صدارت میں منعقد ہوا ہے۔ 
کابینہ نے یمن میں قیام امن سے متعلق عالمی کوششوں کی تائید و حمایت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے عالمی برادری سے پھر اپیل کی کہ’ وہ حوثی ملیشیا کو  دہشت گرد تنظیم کے زمرے میں شامل کرے، اس کا بائیکاٹ اور اس کی فنڈنگ کے تمام ذرائع بند کرائے جائیں‘۔
یا د رہے کہ اقوام متحدہ میں متعین سعودی سفیر عبدالعزیز واصل نے گزشتہ جمعرات کو سعودی موقف پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ عالمی برادری کا فرض ہے کہ وہ حوثیوں کو دہشت گرد تنظیم قرار دے۔ 
سعودی کابینہ نے مجلس شوری کے افتتاحی اجلاس سے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے سالانہ خطاب کے حوالے سے کہا کہ’ شاہی خطاب میں مملکت کی داخلہ اور خارجہ پالیسی  کے مسلمہ اصولوں اور سعودی وژن 2030 پر بھرپور موقف پیش کیا گیا‘۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے شوری سے خطاب میں مملکت کے بین الاقوامی اقدامات اور بنی نوع انساں کے مفاد کی تائید و حمایت پر مشتمل پالیسیوں کا تذکرہ کیا۔ 
سعودی کابینہ کو گزشتہ دنوں متعدد ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ ہونے والے رابطوں اور مذاکرات سے آگاہ کیا گیا۔
 یوکرینی صدر کے ساتھ ولی عہد کے ٹیلیفونک رابطے میں ہونے والی بات چیت کے حوالے سے کابینہ کو بتایا گیا کہ مملکت نے یوکرین کے صدر کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ’سعودی عرب بحران کی شدت کم کرانے کے لیے کیے جانے والے ہر اقدام کی تائید و حمایت کرتا رہے گا اور ثالثی کی  کوششیں جاری رکھنے کے لیے تیار ہے‘۔ 

سعودی کابینہ کو  متعدد ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ ہونے والے رابطوں اور مذاکرات سے آگاہ کیا گیا(فوٹو ایس پی اے)

کابینہ کو جنوبی افریقہ کے صدر کے ساتھ  ولی عہد کے مذاکرات کے نتائج  اور مراکش سے ملنے والے مکتوب کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ 
وزیر مملکت و رکن کابینہ و قائم مقام وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر عصام بن سعد نے اجلاس کے بعد ایس پی اے کو بتایا کہ سعودی عرب اور سلطنت عمان کے پرائیویٹ سیکٹر نے متعدد معاہدوں پر دستخط کیے جس سے ڈیجیٹل اکانومی اور ڈیجیٹل گورنمنٹ کے حوالے سے فریقین کے درمیان تعاون کے نئے افق کھلیں گے۔
کابینہ میں یمن میں قیام امن سمیت متعدد علاقائی و بین الاقوامی امور کا جائزہ لیا گیا۔
کابینہ نے وزیر ماحولیات و پانی  و زراعت کو ماحولیاتی تحفظ کے سلسلے میں کرغیزستان کے ساتھ مفاہمتی یادداشت اور وزیر اقتصاد و منصوبہ بندی کو معیشت اور منصوبہ بندی کے شعبے میں سلطنت عمان کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے اختیارات تفویض کیے ہیں۔
 نایف یونیورسٹی برائے علوم سلامتی اور سعودی نیشنل اتھارٹی برائے فائبر سیکیورٹی کے درمیان فائبر سیکیورٹی کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی گئی۔
 چھوٹے اور درمیانے سائز کے اداروں کے قومی درمیانے اور چھوٹے سائز کے  اداروں کی پبلک اتھارٹی، محکمہ شماریات اور بندرگاہوں کے قومی ادارے کے اختتامی حساب کی بھی منظوری دی ہے۔ 

شیئر: