’گمراہ کن پروپیگنڈے اور اسلامو فوبیا کا مقابلہ کیا جائے‘: اعلان استنبول
اتوار 23 اکتوبر 2022 20:13
سعودی وفد کی قیادت قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے کی ہے(فوٹو ایس پی اے)
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کے وزرائے اطلاعات نے کہا ہے کہ’ گمرہ کن پروپیگنڈے اور اسلامو فوبیا کا مقابلہ جائے، اس سے نمٹنے کے لیے نیا طریقہ کار اختیار کرنا ہوگا اور درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے محدود ، وسط اور طویل مدتی سکیمیں اپنانا ہوں گی‘۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مسلم وزرائے اطلاعات نے استنبول میں منعقدہ دو روزہ کانفرنس کے اختتام پر’اعلان استنبول‘ جاری کیا ہے۔
کانفرنس میں سعودی وفد کی قیادت قائم مقام وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر ماجد القصبی نے کی ہے۔
مسلم وزرائے اطلاعات نے کہا کہ ’اسلامی روا داری کی حقیقی تصویر موثر شکل میں اجاگر کرنے کی خاطر اسلامو فوبیا کے انسداد اور اسلام سے نفرت کے ہر طرح کے اظہار کا مقابلہ کرنا ہوگا۔اس حوالے سے جدید ٹیکنالوجی اور نئے ابلاغی پلیٹ فارموں سے استفادہ ناگزیر ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت سے رائے عامہ کو آگاہ کرنے، اس کی حقیقت طشت ازبام کرنے کے لیے مسلم ذرائع ابلاغ کو فیصلہ کن کردارادا کرنا پڑے گا۔‘
وزرائے اطلاعات و نشریات نے فلسطینی علاقوں پر اسرائیل کا ناجائز قبضہ ختم کرانے کے لیے فلسطینی کاز کو اجاگر کرنے پر زور دیا اور کہا کہ ’او آئی سی کے رکن ممالک میں پناہ گزینوں اور نقل مکانی کرنے والوں کی مدد کے لیے عالمی برادری کی ہمدردی اور یکجہتی پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔‘
مسلم وزرا نے اسلامی ثقافت اور دنیا بھر کی ثقافتوں کے درمیان مکالمے کی حوصلہ افزائی کے حوالے سے او آئی سی کی کوششوں کو سراہا۔
اعلان استنبول میں کہا گیا کہ’ او آئی سی کے سیکریٹری جنرل مسلم دنیا کے اندر اور باہر رابطے کرکے مسلسل اقدامات کررہے ہیں جن کی بدولت اسلامی دنیا کی آواز بین الاقوامی پلیٹ فارموں تک پہنچ رہی ہے‘۔