دنیا کی امیر ترین شخصیات میں سے ایک نے بونڈائی بیچ واقعے میں بہادری دکھاتے ہوئے حملہ آور کو قابو کرنے والے احمد ال حمد کے لیے انعام کا اعلان کیا ہے۔
سکائی نیوز کے مطابق یہودی نژاد امریکی سرمایہ کاری بینکر بل ایکمین، جن کی مجموعی دولت کا تخمینہ 9.5 ارب ڈالر سے زائد ہے، نے آسٹریلوی شہری کی بہادری پر اسے انعام دینے کی خواہش ظاہر کی۔
مزید پڑھیں
انہوں نے سوشل میڈیا پر کہا 'کیا کوئی تصدیق شدہ فنڈ قائم کر سکتا ہے تاکہ ہم اسے اور اس کے خاندان کو انعام دے سکیں؟'
آن لائن قائم کیے گئے چند فنڈ ریزرز میں سے ایک، جو بظاہر احمد کے نام پر بنایا گیا تھا، پیر کی دوپہر تک 3 لاکھ 6 ہزار ڈالر جمع کر چکا تھا۔
سب سے بڑی عطیہ کی گئی رقم 99,999 ڈالر تھی، جو گو فنڈ می کی ویب سائٹ کے مطابق ولیم ایکمین کی جانب سے دی گئی۔

اتوار کے روز سڈنی کے بونڈائی بیچ پر یہودیوں کی ایک مذہبی تقریب کے دوران ہونے والے حملے میں ایک راہگیر کو ویڈیو میں مسلح شخص کو قابو کرتے اور اس کا ہتھیار چھینتے ہوئے دیکھا گیا۔
دیکھتے ہی دیکھتے ویڈیو وائرل ہوئی اور متعلقہ شخص کی شناخت 43 سالہ احمد کے نام سے ہوئی جو سڈنی میں پھلوں کی دکان چلاتے ہیں۔ احمد کو ہیرو قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ ان کے اقدام نے ممکنہ طور پر کئی جانیں بچا لیں۔
دوسری جانب بونڈائی بیچ پر فائرنگ کرنے والوں کے نام ساجد اکرم اور نوید اکرم بتائے جاتے ہیں۔ آسٹریلوی وزیر داخلہ کے مطابق دونوں باپ بیٹا ہیں۔
وزیر داخلہ نے بتایا کہ ساجد اکرم 1998 میں سٹوڈنٹ ویزے پر آسٹریلیا آئے تھے جن کو 2001 میں پارٹنر ویزا دیا گیا تھا، اور وہ تب سے ’ریذیڈنٹ ریٹرن ویزا‘ پر تھے۔ ساجد اکرم کا بیٹا نوید اکرم ایک آسٹریلوی شہری ہے جو یہاں 2001 میں پیدا ہوا۔‘
دونوں باپ بیٹے نے اتوار کی شام بونڈائی میں ایک حنوکا تقریب پر فائرنگ کی۔ اس حملے میں پندرہ افراد ہلاک ہوئے جبکہ پیر کی دوپہر تک درجنوں افراد زخمی حالت میں زیرِ علاج تھے۔
بتایا گیا ہے کہ 50 اور 24 سالہ ملزمان نے تقریباً پانچ منٹ تک فائرنگ کی، زیادہ تر گولیاں ساحل کے شمالی حصے میں واقع ایک کار پارک کے اوپر بنے پل سے چلائی گئیں۔
تاہم، ایک مختصر لمحے کے دوران ویڈیو میں اب ہلاک ہو چکے ساجد کو پل سے نیچے آتے ہوئے ایک لانگ رینج گن کے ساتھ دیکھا گیا۔
ایک اور زاویے سے لی گئی فوٹیج میں احمد ال احمد کو دکھایا گیا جو ایک گاڑی کے پیچھے سے نکل کر خاموشی سے ساجد کے پیچھے پہنچے اور اس سے اسلحہ چھین لیا۔













