پنجگور میں مسلح افراد نے دو بینک لوٹ لیے، فائرنگ سے سی ٹی ڈی اہلکار اور راہگیر ہلاک
پولیس کا کہنا ہے کہ مسلح افراد دو بینک لوٹنے کے بعد گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
بلوچستان کے ضلع پنجگور میں نامعلوم مسلح افراد نے بینک لوٹنے کی کوشش کی جس کے دوران فائرنگ سے سی ٹی ڈی اہلکار اور ایک راہ گیر جان سے گئے۔
پولیس کے مطابق پنجگور کے علاقے چتکان بازار میں بسم اللہ چوک کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے بینکوں میں ڈکیتی کی کوشش کی، جس کی اطلاع ملنے کے بعد سی ٹی ڈی کے ایس پی اپنی ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔
پولیس کے مطابق سکیورٹی فورسز کی آمد پر مسلح افراد نے فائرنگ شروع کردی، جس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
جھڑپ کے دوران ایک سی ٹی ڈی اہلکار ہلاک جبکہ تین اہلکار زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کے واقعے میں ایک سویلین بھی گولی لگنے سے جان سے گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مسلح افراد دو بینک لوٹنے کے بعد گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
واقعے کے بعد پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر پنجگور کے گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
