Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی بیٹرز تیز وکٹ اور زمبابوے کے بولرز کا مقابلہ کر پائیں گے؟

سکندر رضا اب تک ٹورنامنٹ میں تین میچز کھیل کر 136 رنز بنا چکے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا میں جاری ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم اپنا دوسرا میچ آج جمعرات کو زمبابوے کے خلاف کھیلی گی۔
میلبرن میں روایتی حریف انڈیا سے شکست کے بعد پاکستان ٹیم آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں زمبابوے سے مدمقابل ہوگی۔ 
گرین شرٹس کا سامنا نسبتاً کمزور ٹیم سے ضرور ہے لیکن زمبابوے کی ٹیم میں بھی ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو حریف ٹیم کو مشکل میں ڈال سکتے ہیں۔
پاکستان کے پاس ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی جیت رقم کرنے کے ساتھ ساتھ انڈیا کے خلاف شکست کی یادیں دور کرنے کا موقع ہوگا۔

ٹاس کی اہمیت 

اب تک پرتھ میں کھیلے جانے والے میچز میں بلے بازوں کو دشواری کا سامنا رہا ہے۔ اس لیے میچ کے ابتدائی پانچ اوورز میں پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
دوسری جانب ابرآلود موسم کو دیکھتے ہوئے ٹاس کی اہمیت مزید بڑھ جائے گی۔ 

دراز قد ہونے کی وجہ سے بلیسنگ مُزاربانی کو پرتھ کی کنڈیشنز سپورٹ کریں گی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

موسم کی صورتحال

ٹی20 ورلڈ کپ میں اب تک تین میچز بارش سے متاثر ہو چکے ہیں۔
ایک میچ بارش سے محدود جبکہ دو میچز مکمل طور پر بے نتیجہ رہے۔ موسم کی پیشگوئی کے مطابق جمعرات کو پرتھ میں موسم ابرآلود رہنے اور بادل چھائے رہنے کے امکانات ہیں تاہم بارش ہونے کا امکان بہت کم ہے۔ 

زمبابوے کے کون سے کھلاڑی مشکلات پیدا کر سکتے ہیں؟

زمبابوے کی ٹیم میں ایسے کئی کھلاڑی موجود ہیں جو پاکستان کے لیے خطرہ بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان میں دراز قد بلیسنگ مُزاربانی ایسے گیند باز ہیں جو پاکستانی بلے بازوں کو اپنے گیند بازی کی بدولت ماضی میں بھی مشکلات سے دو چار کر چکے ہیں۔
دراز قد ہونے کی وجہ سے پرتھ کی کنڈیشنز ان کو سپورٹ کریں گی۔
پاکستان کے شہر سیالکوٹ میں پیدا ہونے والے دائیں ہاتھ کے بلے باز سکندر رضا اپنی ٹیم کے لیے اہم کھلاڑی ثابت ہو سکتے ہیں۔ وہ اب تک ٹورنامنٹ میں تین میچز کھیل کر 136 رنز بنا چکے ہیں اور کسی بھی ٹیم کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔ 

پاکستان ٹیم کا کمبینیشن 

پاکستانی ٹیم کو انڈیا کے خلاف ابتدائی میچ میں ایک فاسٹ بولر کی کمی محسوس ہوئی تھی جس کے بعد یہ توقع کی جا رہی ہے کہ پاکستان ٹیم میں محمد وسیم کو شامل کیا جائے گا، جبکہ حیدر علی یا آصف علی میں سے کسی ایک کو آرام دیا جائے گا۔

انڈیا کے خلاف میچ میں پاکستانی اوپنرز کو سوئنگ کے آگے دشواری کا سامنا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

تاہم کپتان بابر اعظم کی ماضی کی حکمت عملی کو دیکھتے ہوئے ٹیم میں اگر کوئی بھی تبدیلی نہ ہوئی تو زیادہ حیرت نہ ہوگی، کیونکہ بابر اعظم ٹیم میں زیادہ اور فوری تبدیلیوں کے حامی نہیں ہیں۔ 
پاکستان کے اوپننگ بلے باز بابر اعظم اور محمد رضوان انڈیا کے خلاف ابتدائی میچ میں جلدی پویلین لوٹ جانے کے بعد زمبابوے کے خلاف وکٹ پر زیادہ وقت گزارنے کی کوشش کریں گے، کیونکہ ابتدائی میچ میں دونوں کھلاڑیوں کو سوئنگ بولنگ کا سامنا کرنے اور کنڈیشنز کو سمجھنے میں دشواری کا سامنا رہا تھا۔ 
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان اب تک 17 ٹی20 میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں پاکستان 16 اور زمبابوے صرف ایک میچ جیتنے میں کامیاب رہا ہے۔

شیئر: