Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جِم میں ویٹ اٹھاتے امیتابھ بچن، انوپم کھیر اور ’ارے او انکل‘

فلم ’اونچائی‘ 11 نومبر کو ریلیز ہو گی (فوٹو: یوٹیوب، سکرین گریب)
’ارے او انکل، نظر میں ٹوئنکل، جوانی کے تُو پیچھے پیچھے بھاگے رے‘ یہ بول ہیں امیتابھ بچن کی نئی فلم ’اونچائی‘ کے اس گانے کے جس میں وہ انوپم کھیر اور بومن ایرانی کے ساتھ ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے سے قبل ورزش کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق اسی فلم کا ایک گانا ’کیٹی کو‘ بھی چند روز قبل ریلیز کیا گیا تھا۔
فلم ’اونچائی‘ کی کہانی چار عمر رسیدہ دوستوں کے گرد گھومتی ہے جو اپنی زندگی بھرپور انداز سے جینا چاہتے ہیں۔
ان میں سے ایک ڈینی ڈینزونگپا کے انتقال کے بعد تین دوست ان کی ادھوری خواہش پوری کرنے اور آخری رسومات ادا کرنے کے لیے ماؤنٹ ایورسٹ سَر کرنے کی مہم جوئی کرتے ہیں۔
18 اکتوبر کو ٹریلر کی ریلیز کے بارے میں امیتابھ بچن سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا تھا کہ ’اسے ہم پیار اور محبت سے لا رہے ہیں، یہ بہت سپیشل ہے، یہ اونچائی ہے۔‘
یہ فلم 11 نومبر کو ریلیز ہو گی۔
’ارے او انکل‘ گانے کی ویڈیو جاگنگ اور ہلکی پھلکی ورزش سے شروع ہوتی ہے مگر جلد ہی امیتابھ بچن اور ساتھی اداکار جم میں سخت ورزش کرتے بھی نظر آتے ہیں۔
ان کی ٹریک لیڈر پریتی چوپڑا کو یہ خوف گھیرے رکھتا ہے کہ شاید اس عمر میں وہ یہ مہم پوری نہ کر سکیں تاہم گانے میں نظر آنے والا جوش اور تیاری یہ ظاہر کرتی ہے کہ وہ تینوں دنیا کی سب سے بلند ترین چوٹی کو قدموں کے نیچے لانے کا مصمم ارادہ کیے ہوئے ہیں بلکہ یہ گانا ان کے ارادے کے لیے ایک محرک کے طور پر کام کرتا ہے۔
یہ گانا دیویا کمار اور دیوندرپل نے گایا ہے جبکہ اس کی دھن امیت تریویدی نے بنائی ہے اور بول ارشاد کامل نے لکھے ہیں۔
گانے کی ریلیز سے قبل امیتابھ بچن نے اس کا ایک کلپ اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیا اور ساتھ لکھا ’ہماری دوستی ہی تمام حدود تک پہنچنے کا واحد محرک تھی، سنیے ارے او انکل اور ہمارا حوصلہ بڑھائیے۔‘

شیئر: