Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’رونالڈو سے ملنا چاہتا ہوں‘، انڈیا کے معذور لڑکے کا خواب تعبیر کے قریب

عاصم 24 نومبر کو پرتگال اور گھانا کے درمیان میچ دیکھیں گے۔ (فوٹو: فیس بک/محمد عاصم)
عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر رونالڈو کے ایک انڈین پرستار معذور لڑکے کا خواب پورا ہونے کے آثار پیدا ہو گئے ہیں جس پر وہ بہت خوش ہیں۔
پندرہ سالہ محمد عاصم انڈیا کے شہر کوچی کے شہری ہیں اور پیدائشی طور پر دونوں ہاتھوں سے محروم اور ایک پاؤں سے معذور ہیں تاہم وہ فٹ بال سے جنون کی حد تک لگاؤ رکھتے ہیں۔
انڈین ریاست کیرالہ میں چار سال پہلے 2022 میں قطر میں ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ کی پروموشن کے لیے ایک تقریب منعقد کی گئی تھی اور وہاں عاصم نے فٹ بال ورلڈ کپ دیکھنے اور پرتگال کے سپر سٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
انہیں کیا پتہ تھا کہ چار سال بعد ان کی یہ خواہش حقیقت کا روپ دھار لے گی۔ کیرالہ میں ہونے والی ایک تقریب میں ایک بزنس مین بھی موجود تھے اور وہ عاصم کی فٹ بال سے محبت کو محسوس کر رہے تھے۔
کیرالہ کے بزنس مین محمد مختار نے عاصم کی خواہش کو پورا کر دیا ہے اور کوچی کے 15 سالہ عاصم اب ورلڈ کپ دیکھنے قطر جا رہے ہیں۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق عاصم 19 نومبر کو قطر روانہ ہوں گے اور کرسٹیانو رونالڈو کو بھی اپنی آنکھوں کے سامنے دیکھ پائیں گے۔
عاصم کا کہنا ہے کہ ’میرے پاس تین میچوں کے ٹکٹ بھی ہیں ان میں سے ایک پرتگال اور گھانا کے میچ کا بھی ہے جو 24 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ میں اس کے لیے محمد مختار کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میری خواہش پوری کی۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ میرے لیے ایسا ہے جیسے کوئی خواب پورا ہوگیا ہے۔ میری خواہش ہے کہ پرتگال اور گھانا کے میچ کے دوران ذاتی طور پر رونالڈو سے مل سکوں۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’میرے پاس ہوائی جہاز کے ٹکٹ بھی ہیں اور ھیا کارڈ بھی ہے جس کی ضرورت قطر میں فٹ بال ورلڈ کپ دیکھنے کے لیے پڑتی ہے۔‘
عاصم اپنے والد کے ساتھ مل کر معذور بچوں کے لیے ایک ادارہ بھی چلاتے ہیں۔ ان کے والد کا کہنا ہے کہ ’معذوز بچوں کے لیے ایک سپورٹس سٹی بنانا بھی عاصم کا مقصد ہے اور مجھے پوری امید ہے کہ وہ اس مقصد میں بھی کامیاب ہوں گے۔

شیئر: