Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بارش میں محفوظ سفر کے لیے اعلیٰ کوالٹی کے ٹائروں کا انتخاب ضروری

اچھے ٹائر شدید بارشوں میں گاڑی کو سڑک پر جم کر چلنے میں مدد دیتے ہیں (فوٹو: سبق)
سعودی عرب کے انرجی ایفیشنسی سنٹر ’کفاءۃ‘ نے شہریوں کو موسم سرما کے آغاز میں گاڑیوں کے لیے اچھی کوالٹی کے ٹائر خریدنے کا مشورہ دیا ہے۔
 سبق اخبار کے مطابق کفاءۃ مرکز نے کہا ہے کہ ’سستے ٹائروں کی نسبت نئے، مضبوط اور ماحول دوست ٹائر خریدنا مفید ہے۔ سستے اور ناقص میٹریل سے بنے ٹائر توانائی کی زیادہ مقدار ضائع کرتے ہیں۔‘
کفاءۃ نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ گاڑی کے لیے مناسب اور اعلیٰ تکینکی مراحل سے گزر کر تیار ہونے والے ٹائر لینے چاہئیں۔
اس سے ناصرف گاڑی میں ایندھن کم استعمال ہوگا بلکہ ٹائر زیادہ دیر تک چلیں گے۔
کفاءۃ مرکز نے شہریوں اور مقیم افراد کو اپنے پیغامات میں توانائی کے ماحول دوست استعمال کے طریقوں کی جانب متوجہ کیا ہے۔
شہریوں کو اپنے مشوروں میں کفاءۃ نے کہا ہے کہ صرف ماحول دوست گاڑیاں خریدنا کافی نہیں بلکہ ضروری ہے کہ اعلیٰ کوالٹی کے ایسے ٹائر بھی لیے جائیں جو گاڑی اور اس کے سوار کو محفوظ رکھنے کی ضمانت دیں۔
مرکز نے کہا ہے کہ ’گھٹیا معیار کے ٹائروں کے برعکس اچھے ٹائر شدید بارشوں میں گاڑی کو سڑک پر جم کر چلنے میں مدد دیتے ہیں۔ کمزور ٹائر بعض اوقات حادثات کا سبب بن جاتے ہیں۔‘
’گاڑی کو مسائل(جیسا کی گرمی میں اچانک ٹائر پھٹنے اور سردیوں میں پانی والی سڑکوں پر پھسل جانے) سے بچانے کی لیے مناسب ٹائروں کے انتخاب سے متعلق تکنیکی ہدایات پر لازمی طور پر عمل کرنا چاہیے۔‘

شیئر: