Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گاڑی کی آن لائن فروخت، محکمہ ٹریفک نے شرائط جاری کردیں  

خریدار کا گاڑی کو دیکھنا، معائنہ کرنا اور رقم متعین کرنا ضروری ہے( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی محکمہ ٹریفک نے ’ابشر‘ کے ذریعے گاڑی کی آن لائن  فروخت اور نقل  ملکیت کی کارروائی کی تکمیل کے حوالے سے شرائط جاری کی ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ ’آن لائن گاڑی کی فروخت اور نقل ملکیت کی کارروائی کےلیے شرائط ہیں جن کی پابندی کے بغیر کارروائی مکمل نہیں ہوگی‘۔
محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ ’خریدار کا گاڑی کو دیکھنا اور معائنہ کرنا اور رقم متعین کرنا ضروری ہے‘۔ 
’خریدار کے لیے ضروری ہے کہ وہ گاڑی فروخت کرنے والے کو  اپنے قومی شناختی کارڈ یا ھویہ مقیم کا نمبر اور تاریخ پیدائش سے آگاہ کرے‘۔
 بیان میں کہا گیا کہ ’ گاڑی فروخت کرنے والا ابشر پلیٹ فارم پر سودے کی پیشکش اور تفصیلات درج کرے۔اگلے مرحلے میں  خریدار ابشر کے ذریعے سودے کو منظور یا اسے مسترد کرے گا‘۔
’گاڑی کا سودا طے پانے کی صورت میں خریدار متعین رقم بینک کے  ذریعے منتقل کرے گا۔ رقم ملنے پر فریقین کو گاڑی حوالے کرنے کی کارروائی کی اطلاع دی جائے گی۔ اس کے بعد گاڑی فروخت کرنے والا ابشر ذریعے سودے کی تکمیل اور نقل ملکیت نیز کارروائی کی تکمیل کا آپشن استعمال کرے گا‘۔
 کارروائی مکمل ہونے کے بعد گاڑی خریدار کی ملکیت میں آجائے گی اور سودے کی رقم گاڑی فروخت کرنے والے اکاؤنٹ میں منتقل ہوجائے گی۔

 ابشر پلیٹ فارم پر گاڑی کے سودے کی پیشکش اور تفصیلات درج کرنا ہوں گی( فوٹو عرب نیوز)

سعودی ٹریفک کا کہنا ہے کہ’ گاڑی کا آن لائن سودا کرنے کے لیے  ضروری ہے کہ گاہک اور گاڑی فروخت کرنے والا دونوں کا ابشر اکاونٹ بنا ہو۔ گاڑی کی رقم 5 ہزار ریال سے کم اور ڈیڑھ لاکھ ریال سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے‘۔
فروخت کی جانے والی گاڑی اچھی حالت میں ہو۔ اس کے حوالے سے لاپتہ ہونے یا کسی ادارے کو مطلوب ہونے یا حراست میں ہونے وغیرہ کی کوئی شکایت نہ ہو۔ 
گاڑی کا لائسنس اورانشورنس موثر ہونا چاہیے۔ گاڑی کے مالک اورخریدار دونوں کا ٹریفک خلاف ورزیوں کا ریکارڈ بھی صاف ہونا ضروری ہے۔

شیئر: