Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شکوہ کرتے رہیں مگر بلیو ٹِک پر آٹھ ڈالر دینا پڑیں گے: ایلون مسک

ایلون مسک نے چارج سنبھالے جانے کے بعد ٹوئٹر کے اعلٰی عہدیداروں کو فارغ کیا گیا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
سوشل میڈیا پلیٹ فارم اور مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ مصدقہ اکاؤنٹ (بلیو ٹِک) رکھنے والے صارفین سے ماہانہ آٹھ ڈالر وصول کیے جائیں گے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایلون مسک نے اس کی وجہ یہ بات بتائی ہے کہ وہ سبسکرپشنز بڑھانا اور نیٹ ورک کے اشتہارات پر انحصار کو کم کرنا چاہتے ہیں۔
ایک ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’قیمت کو ملک کی قوت خرید کے حساب سے ایڈجسٹ کیا جائے گا۔‘
ٹوئٹر پر نام سے آگے لگے نیلے نشان کا مطلب ٹوئٹر انتظامیہ کی جانب سے اس بات کی تصدیق ہے کہ یہ جس بھی شخص یا کمپنی کے نام پر ہے، حقیقتاً اس کا ہی ہے۔
اس وقت ٹوئٹر کی سروسز زیادہ تر صارفین کے لیے مفت ہیں۔ ایلون مسک نے ایک اور ٹویٹ میں کہا شکوہ کرنے والے شکوہ کرتے رہیں، لیکن بلیو ٹک پر ماہانہ 8 ڈالر ہی دینا پڑیں گے۔
ایلون مسک کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ بلیو ٹک رکھنے والے سبسکرائبرز کو پوسٹس کے جوابات اور سرچ میں ترجیح دی جائے گی جبکہ وہ طویل ویڈیو اور آڈیوز بھی دیکھ سکیں گے اسی طرح ان کو آدھے اشتہارات دیکھنے کو ملیں گے۔
ایلون مسک نے بدھ کو اکاؤنٹس کی تصدیق کے طریقہ کار میں تبدیلی کا اعلان کیا تھا۔
اپریل میں ایلون مسک نے ٹوئٹر صارفین کی ایڈٹ بٹن سے متعلق رائے جاننے کے لیے رائے شماری کروائی تھی۔ 70 فیصد سے زیادہ افراد نے اس کے حق میں ووٹ دیا تھا۔
ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کا چارج سنبھالے جانے کے بعد کچھ نئی نوعیت کے اقدامات سامنے آ رہے ہیں جن میں کمپنی کے کئی اعلٰی حکام کو فارغ کیا جانا بھی شامل ہے۔
ٹوئٹر کے شعبہ اشتہارات کی سربراہ سارہ پرسونیتے نے منگل کو ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے اپنے عہدے سے استعفٰی دے دیا ہے۔ جس کے بعد اشتہارات دینے والی کمپنیوں کے لیے غیریقینی صورت حال میں اضافہ ہوا۔
ایلون مسک نے ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالتے ہی چیف ایگزیکٹو سمیت تین اعلٰی عہدیداروں کو برطرف کر دیا تھا۔
خیال رہے دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے پلیٹ فارم کے لیے 44 ارب ڈالر کی بولی لگائی تھی جو کئی ماہ کی غیریقینی صورت حال اور قیاس آرائیوں کے بعد چند روز پیشتر بالآخر کامیاب سودے پر منتج ہوئی تھی اور ایلون مسک نے پلیٹ فارم کا کنٹرول سنبھال لیا تھا۔

شیئر: