Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عراق میں بیوی نے شوہر کو پٹرول چھڑک کر جلا ڈالا

ملزمہ نے شور مچایا کہ اس کے شوہر نے خودسوزی کر لی ہے (فوٹو: العربیہ)
عراقی کردستان میں اربیل کے محلے ھفالان میں بیوی نے گھریلو اختلافات پر شوہر کو پٹرول چھڑک کر جلا دیا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق اربیل پولیس کے ترجمان ھوکرعزیز نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ اطلاع ملی تھی کہ اربیل کے ھفالان محلے میں ایک شخص نے خود سوزی کر لی ہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ابتدائی تحقیقات کیں۔ وزارت ثقافت کے ملازم احمد جواد کی لاش گھر کے واش روم سے جلی ہوئی حالت میں ملی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ’تحقیقات سے پتہ چلا  کہ یہ کیس خودسوزی کا نہیں بلکہ قتل کا ہے۔‘
پولیس ترجمان نے بتایا کہ تحقیقات کے آٹھ گھنٹے بعد پولیس نے معمہ حل کرکے احمد جواد کی 29 سالہ بیوی کو حراست میں لے لیا جو شوہر کے قتل میں ملوث تھی۔
پولیس کے مطابق ملزمہ نے اعتراف کیا کہ ’سات برس سے احمد جواد سے اس کا تعلق تھا۔ اس کے دو بیٹے تھے۔ پہلے اپنے شوہر کے سر پر کلہاڑی سے وار کیا پھر اسے کھینچ کر باتھ روم لے گئی اور پٹرول چھڑک کر آگ لگا کر گھر سے نکل گئی۔‘
واردات کے چند گھنٹے بعد گھر واپس آ کر ملزمہ نے شور مچایا کہ اس کے شوہر نے خودسوزی کر لی ہے۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ’آلہ قتل برآمد کر لیا گیا ہے اور خاتون کے خلاف قانونی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔‘

شیئر: