Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی سرکاری اداروں پر سائبر حملوں کا سلسلہ، ایف بی آئی کا حساس ڈیٹابیس ہیک

ستمبر کے بعد دوسری مرتبہ ایف بی آئی کے کمپیوٹر نظام کو ہیک کیا گیا ہے (فوٹو: ایف بی آئی)
امریکی میڈیا نے جمعے کو یہ خبر دی ہے کہ امریکی محکمۂ زراعت اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) کے کمپیوٹر نظاموں کو ہیکرز نے سائبر حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔ اِن واقعات کے بعد امریکہ کے اہم سرکاری اداروں میں حالیہ دنوں کے دوران پیش آنے والی تکنیکی خرابیوں اور نظام کی بندش کے پے در پے واقعات پر تشویش مزید بڑھ گئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اِن دونوں واقعات کی خبریں بالترتیب این بی سی نیوز اور سی این این نے سب سے پہلے نشر کیں۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا اِن دونوں سائبر حملوں کا آپس میں کوئی تعلق ہے اور اِن میں کون ملوث ہے؟
گزشتہ چند ہفتوں کے دوران امریکہ میں بڑے پیمانے پر تکنیکی خرابیوں اور نظام کی بندش کے واقعات نے بے شمار صارفین کے لیے سفری سہولیات، مواصلاتی نظام اور آن لائن تجارت کو متاثر کیا ہے۔ اِن واقعات کی زد میں اب امریکی قومی سلامتی کے ادارے (این ایس اے) کا ایک انتہائی خفیہ نیٹ ورک بھی آیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عوامی تشویش کم کرنے کی کوشش کرتے ہوئے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ ’پُرسکون رہیں‘۔ دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ مختلف اداروں میں پیش آنے والی اِن تکنیکی خرابیوں اور نظام کی بندش کے واقعات کا مجرمانہ سرگرمیوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
این بی سی نیوز نے جمعے کو امریکی محکمۂ زراعت (یو ایس ڈی اے) کے دو سابق عہدیداروں کے حوالے سے بتایا کہ محکمے نے اپنے ملازمین کو آگاہ کیا ہے کہ کسانوں کو ادائیگیاں کرنے کے لیے استعمال ہونے والے ایک نظام کو سائبر حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
محکمے کے سابق عہدیداروں نے این بی سی کو بتایا کہ ہیکرز ادائیگیوں کے اِس نظام کو ایک خفیہ راستے کے طور پر استعمال کرتے ہوئے زیادہ حساس معلومات تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔
ایک سابق عہدیدار کے بقول، محکمۂ زراعت حیاتیاتی نوعیت کی متعدد انتہائی حساس معاملات سے نمٹتا ہے۔ کوئی مخالف ملک یا حریف اگر اِن ہی معلومات تک رسائی حاصل کر لے تو وہ ہماری اپنی تحقیق کو ہمارے ہی خلاف استعمال کر سکتا ہے۔
دوسری جانب سی این این نے جمعے کو اپنی ایک رپورٹ میں بتایا کہ ستمبر کے بعد دوسری مرتبہ ایف بی آئی کے کمپیوٹر نظام کو ہیک کیا گیا ہے۔
سی این این نے اِس تحقیقات سے آگاہ دو افراد کے حوالے سے بتایا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارہ نیشنل کرائم انفارمیشن سینٹر (این سی آئی سی) کے نظام میں غیر مجاز مداخلت کی تحقیقات کر رہا ہے، جس میں بظاہر ہیکرز کا ہاتھ ہے۔

امریکہ بھر کے پولیس اہلکار روزانہ کی بنیاد پر ایف بی آئی کے کریمینل انفارمیشن ڈیٹابیس پر انحصار کرتے ہیں (فوٹو: ای پی اے)

این سی آئی سی جرائم سے متعلق معلومات کا ایک ملک گیر ڈیٹا بیس ہے، جو وفاقی، ریاستی اور مقامی سطح پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آپس میں منسلک کرتا ہے۔ اِس نظام کے ذریعے مختلف ادارے گرفتاری کے وارنٹس اور افراد کے پس منظر سے متعلق معلومات ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کرتے ہیں۔
ایف بی آئی کے ایک سابق عہدیدار نے سی این این کو بتایا کہ ’ملک بھر میں پولیس اہلکار روزانہ کی بنیادوں پر این سی آئی سی پر انحصار کرتے ہیں تاکہ مطلوب مفرور ملزموں کی شناخت کر سکیں، زیرِ التوا گرفتاری کے وارنٹس کی جانچ کر سکیں اور ایسی معلومات تک رسائی حاصل کر سکیں جو براہِ راست پولیس اہلکاروں اور عوام کی سلامتی پر اثر انداز ہو سکتی ہیں۔‘
سابق عہدیدار نے اِس خدشے کا اظہار بھی کیا کہ ہیکرز اِس نظام میں موجود معلومات کی درستی کو متاثر کر سکتے ہیں، جن پر پولیس اہلکار اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران انحصار کرتے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے اس معاملے پر مؤقف جاننے کے لیے ایف بی آئی اور محکمۂ زراعت سے رابطہ کیا ہے۔
ایف بی آئی اور محکمۂ زراعت کے نظاموں میں سامنے آنے والی اِن نئی سائبر مداخلتوں کو ہیکنگ کے واقعات قرار دیا گیا ہے، جو مائیکروسافٹ آؤٹ لُک اور امریکی وفاقی محکمۂ ہوا بازی (ایف اے اے) کے نظاموں میں حالیہ دنوں میں پیش آنے والی تکنیکی خرابیوں اور سروس کی بندش سے مختلف ہیں۔
ستمبر میں شائنی ہنٹرز کے نام سے ہیکرز کے ایک معروف گروہ نے ایف بی آئی کی ملازمتوں سے متعلق ویب سائٹ کو نشانہ بنایا تھا اور وہاں سے ملازمین کی حساس ذاتی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی تھی۔
دریں اثنا، امریکہ کے اہم اداروں میں تکنیکی خرابیوں اور نظام کی بندش کے مسلسل واقعات پر تنقید میں اضافے کے بعد وائٹ ہاؤس نے رواں ہفتے سائبر سکیورٹی کے سربراہ شان کینکراس کو اُن کے عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔

شیئر: