ایران کے خلاف جنگ پر امریکی اخراجات 48 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے، پینٹاگون سے نقصان کے تخمینے کا مطالبہ
ایران کے خلاف جنگ پر امریکی اخراجات 48 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے، پینٹاگون سے نقصان کے تخمینے کا مطالبہ
جمعہ 20 نومبر 2026 8:46
جنگ کے اخراجات کانگریس میں ایک بڑا سیاسی مسئلہ بن چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
ایران کے خلاف جنگ کی لاگت 13 نومبر تک تقریباً 48.3ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے، تاہم اس تخمینے میں مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی اڈوں کو پہنچنے والے نقصانات شامل نہیں ہیں جس پر امریکی قانون سازوں نے پینٹاگون سے تفصیلی اعداد و شمار طلب کر لیے ہیں۔
امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پینٹاگون کے بجٹ عہدیدار آرتھر ملر نے جمعرات کو سینیٹ آرمڈ سروسز کمیٹی کو بتایا کہ 48 ارب ڈالر سے زائد کے اس تخمینے میں فوجی کارروائیوں کے اخراجات، اسلحے اور فوجی سازوسامان کی تبدیلی کی لاگت شامل ہے۔
کنیکٹی کٹ سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹ سینیٹر رچرڈ بلومن تھل نے امریکی تنصیبات کو پہنچنے والے نقصان کے تخمینے کے بارے میں سوال کیا، تاہم ملر نے کہا کہ ان کے پاس اس حوالے سے کوئی اعداد و شمار موجود نہیں۔ کمیٹی کے چیئرمین، ریپبلکن سینیٹر راجر وِکر نے ملر کو جلد از جلد یہ معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے تجزیے کے مطابق ایران کے حملوں میں امریکی طیاروں کے ہینگرز، میزائلوں کی نشاندہی کرنے والے نظام، گوداموں، فوجی رہائش گاہوں اور دیگر تنصیبات کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچا ہے۔
جنگ کے اخراجات کانگریس میں ایک بڑا سیاسی مسئلہ بن چکے ہیں، خصوصاً ایسے وقت میں جب ٹرمپ انتظامیہ 1.5 کھرب ڈالر کے دفاعی بجٹ کی منظوری چاہتی ہے۔
امریکی وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی کمزور کارکردگی کے بعد اس معاملے پر سیاسی کشیدگی مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ مبصرین کے مطابق جنگ اور اس کے معاشی اثرات ووٹرز کی ناراضی کی بڑی وجوہات میں شامل رہے۔
ڈیموکریٹ اراکین مسلسل مطالبہ کر رہے ہیں کہ پینٹاگون مشرق وسطیٰ میں امریکی اڈوں کو ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں سے ہونے والے نقصانات کی مکمل تفصیلات جاری کرے۔
میساچوسٹس سے تعلق رکھنے والی ڈیموکریٹ سینیٹر الزبتھ وارن نے منگل کو قائم مقام نیوی سیکریٹری ہنگ کاؤ سے تصدیقی سماعت کے دوران جنگی اخراجات کے بارے میں سخت سوالات کیے۔
بحرین میں امریکی بحریہ کے علاقائی ہیڈ کوارٹر پر ایرانی حملے سے کم از کم 40 کروڑ ڈالر کا نقصان ہوا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انہوں نے آزادانہ تخمینوں اور میڈیا رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی بحری جہاز رانی کی امریکی ناکہ بندی پر روزانہ تقریباً تینکروڑ 25 لاکھ ڈالر خرچ ہو رہے ہیں، جبکہ بحرین میں امریکی بحریہ کے علاقائی ہیڈ کوارٹر پر ایرانی حملے سے کم از کم 40کروڑ ڈالر کا نقصان ہوا۔
ہنگ کاؤ نے ناکہ بندی کی لاگت کے تخمینے کی تصدیق کی، تاہم بحرین میں ہونے والے مجموعی نقصان کی تفصیلات دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ ہمارے لیے مکمل رسائی والا علاقہ نہیں ہے، اس لیے حتمی تخمینہ فراہم کرنا مشکل ہے۔‘