فلپائنی گھریلو ملازمہ درآمد کرنے کی فیس 10752 ریال
وزارت افرادی قوت نے ریکروٹنگ فیس کی انتہائی حد مقرر کی ہے( فوٹو عکاظ)
سعودی عرب میں وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کے ماتحت معروف پروگرام ’مساند‘ نے کہا ہے کہ فلپائنی گھریلو ملازمہ درآمد کرنے کی فیس 10752.50 ریال ہے۔اس میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس شامل ہے۔
یاد رہے کہ وزارت افرادی قوت کے ماتحت مساند پروگرام گھریلو عملے کے حقوق کے تحفظ اور ان کے معاملات بہتر بنانے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق مساند پلیٹ فارم نے بیا ن میں کہا کہ اگر کسی آجر نے نامزد ملازمہ یا گھریلو کارکن کی درآمد کی خواہش ظاہر کی ہو تو ایسی صورت میں ریکروٹنگ ایجنسی یا کمپنی اس ملازمہ یا ملازم کے ضامن نہیں ہوں گے۔
مساند کا کہنا ہے کہ فلپائن سے گھریلو عملے کی درآمد7 نومبر 2022 سے بحال ہورہی ہے۔
ہ وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے گھریلو عملے کی درآمد میں ثالثی کا کردار ادا کرنے والی ریکروٹنگ ایجنسی یا کمپنی پر یہ پابندی عائد کردی ہے کہ وہ ریکروٹنگ فیس انتہائی حد سے زیادہ وصول نہ کریں۔
فلپائن سے گھریلو عملے کی ریکروٹنگ فیس کی انتہائی حد 17288 ریال ہے اس میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس شامل نہیں ہے جو ریکروٹنگ ایجنسی یا کمپنی اس کی خلاف ورزی کرے گی اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔
وزارت نے ریکروٹنگ فیس کی انتہائی حد ریکروٹنگ مارکیٹ کو منظم کرنے کے لیے مقرر کی ہے۔