Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی میں نو ماہ کے دوران دس ملین سے زیادہ سیاحوں کی آمد

  پاکستان سے 2 لاکھ 79 ہزار سیاح دبئی پہنچے ہیں۔ ( فائل فوٹو البیان)
دبئی محکمہ سیاحت و معیشت نے سال رواں کے ابتدائی نو ماہ کے حوالے سے غیرملکی سیاحوں کی تعداد اور سیاحتی شعبے کی کارکردگی کے حوالے سے اعدادوشمار جاری کیے ہیں۔
الامارات الیوم کے مطابق محکمہ سیاحت و معیشت نے بیان میں کہا کہ رواں سال جنوری سے ستمبر کے دوران 10.12 ملین غیرملکی سیاح دبئی پہنچے۔
’2021 کے اسی عرصے کے دوران 3.85 ملین غیرملکی سیاح  دبئی آئے تھے اس سال 163 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ سیاحت و معیشت کا کہنا ہے کہ ’رواں برس ستمبر کے دوران 10 لاکھ سے زیادہ غیرملکی دبئی آئے۔ جنوری سے ستمبر کے دوران جتنی تعداد میں غیرملکی سیاح دبئی پہنچے ہیں ان کی تعداد کورونا وبا سے پہلے آنے والے سیاحوں کی تعداد کے لگ بھگ ہے۔‘
دبئی محکمہ سیاحت و معیشت نے بتایا کہ ’جنوری سے ستمبر 2022 کے دوران سب سے زیادہ سیاح انڈیا سے آئے۔ ان کی تعداد 1.2 ملین سے زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ سلطنت عمان سے دس لاکھ، سعودی عرب سے 9 لاکھ 7 ہزار اور برطانیہ سے7 لاکھ  20 ہزار سیاح دبئی پہنچے ہیں۔‘
روس سے 4 لاکھ 54 ہزار، امریکہ سے 3 لاکھ 91 ہزار،  پاکستان سے 2 لاکھ 79 ہزار، فرانس سے 2 لاکھ  69 ہزار، جرمنی سے 2 لاکھ  68 ہزار جبکہ ایران سے  2 لاکھ 47 ہزار سیاح دبئی آئے ہیں۔

شیئر: