Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایلون مسک ٹوئٹر پر انسانی حقوق کا احترام یقینی بنائیں، اقوام متحدہ کی اپیل

ٹوئٹر نے اپنے آدھے ملازمین کو فارغ کر دیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
اقوام متحدہ ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے پلیٹ فارم پر انسانی حقوق کا احترام یقینی بنائیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سنیچر کو اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر واکر ٹرک نے ایک خط میں کہا ہے کہ ان کے نقطہ نظر سے ٹوئٹر کے نئے سربراہ ایلون مسک کی جانب سے انسانی حقوق کی پوری ٹیم کو ملازمت سے فارغ کرنا کوئی حوصلہ افزا آغاز نہیں۔
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر نے اپنے خط میں نفرت انگیز تقریر اور غلط معلومات کے حوالے سے خبردار کیا ہے اور توجہ دلائی ہے کہ صارفین کی پرائیویسی کا تحفظ ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’نفرت پر مبنی تقریر سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل جاتی ہے۔ جس کے خوفناک اور سنگین نتائج ہوتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ٹوئٹر کو  نفرت پر مبنی تقریروں کو روکنے اور اپنے پلیٹ فارم سے اس کو فوراً ہٹانے جیسے اقدامات جاری رکھنے چاہیے۔
ایک ہفتے قبل دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھال لیا تھا۔
ٹوئٹر خریدنے کے 44 ارب ڈالر کے معاہدے پر دستخط کے فوراً بعد ایلون مسک نے ٹوئٹر بورڈ اور اس کے چیف ایگزیکٹیو اور دیگر مینجرز کو فارغ کر دیا تھا۔
جمعے کو ٹوئٹر نے اپنے آدھے ملازمین کو نوکری سے نکال لیا تھا۔

شیئر: