ڈی پی میں شناختی کارڈ فوٹو، ہانیہ عامر نے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے تمام پوسٹس کیوں ہٹا دیں؟
ڈی پی میں شناختی کارڈ فوٹو، ہانیہ عامر نے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے تمام پوسٹس کیوں ہٹا دیں؟
پیر 11 مئی 2026 12:44
عام طور فنکار اپنی پروفائلز میں تبدیلیاں تب کرتے ہیں جب وہ کچھ نیا اعلان کرنے والے ہوتے ہیں۔ (فوٹو: ہانیہ عامر، انسٹاگرام)
معروف پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر نے ایک بار پھر سوشل میڈیا صارفین کو حیران کر دیا ہے، جس کے بعد ان کے بارے میں نئے چرچے شروع ہو گئے ہیں۔
ہانیہ عامر نے اچانک اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ سے تقریباً تمام تصاویر اور پوسٹس ہٹا دیں، جبکہ اس وقت اُن کے پروفائل پر صرف 11 پوسٹس موجود ہیں۔ اس غیر متوقع تبدیلی نے مداحوں کو حیرت میں مبتلا کر دیا ہے اور سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں زور پکڑ رہی ہیں۔
صرف یہی نہیں بلکہ اداکارہ نے اپنی پروفائل تصویر بھی تبدیل کرتے ہوئے ایک سادہ سی شناختی کارڈ (CNIC) طرز کی تصویر لگا دی، جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
ہانیہ عامر کی پروفائل پکچر میں ان کے پاکستانی شناختی کی تصویر واضح ہے۔ (فوٹو: انسٹاگرام سکرین شاٹ، ہانیہ عامر)
ہانیہ عامر کے اس اچانک اقدام کے بعد مداح مختلف اندازے لگا رہے ہیں۔ کچھ صارفین کا خیال ہے کہ اداکارہ کسی نئے پراجیکٹ یا بڑے اعلان کی تیاری کر رہی ہیں، جبکہ بعض اسے اُن کی سوشل میڈیا ری برانڈنگ قرار دے رہے ہیں۔ کئی مداح یہ بھی سمجھتے ہیں کہ ہانیہ جلد اپنے فالوورز کو کوئی بڑا سرپرائز دینے والی ہیں۔
سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے ’کچھ بڑا آنے والا ہے‘ اور ’ہانیہ ضرور کچھ خاص پلان کر رہی ہیں‘ جیسے تبصرے تیزی سے وائرل ہو رہے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ سب ایسے وقت میں ہوا ہے جب ہانیہ عامر حال ہی میں انسٹاگرام پر 20 ملین فالوورز کا سنگِ میل عبور کرنے والی پہلی پاکستانی اداکارہ بنی تھیں۔
ہانیہ عامر کی پروفائل پر اس وقت صرف 11 پوسٹس پبلک ہیں، باقی ممکنہ طور پر اداکارہ نے آرکائیو کر دی ہیں۔ (فوٹو: انسٹاگرام سکرین شاٹ)
دوسری جانب حالیہ دنوں میں ہانیہ عامر کی نیویارک میں گلوکار عاصم اظہر کے کنسرٹ میں شرکت نے بھی سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی تھی۔ دونوں فنکاروں کے بارے میں ماضی میں بھی تعلقات کی افواہیں گردش کرتی رہی ہیں، اور اب مداح ایک بار پھر دونوں کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں کر رہے ہیں۔
تاہم ہانیہ عامر نے تاحال اپنے انسٹاگرام میں ہونے والی ان بڑی تبدیلیوں پر کوئی وضاحت نہیں دی، جس کے باعث مداحوں کا تجسس مزید بڑھ گیا ہے اور سب کی نظریں اُن کی اگلی اپڈیٹ پر جمی ہوئی ہیں۔
واضح رہے دنیا بھر میں فنکاروں میں یہ بات عام ہے کہ کسی بھی نئے پراجیکٹ یاں اعلان سے قبل وہ اپنی سوشل میڈیا پروفائلز ہمیشہ میں ایسی تبدیلیاں لاتے ہیں، جس سے یقینی طور پر عوام میں تجسس کی فضا قائم ہوتی ہے۔