دنیا بھر میں رواں سال سب سے زیادہ فروخت ہونے والے سمارٹ فونز کون سے ہیں؟
دنیا بھر میں رواں سال سب سے زیادہ فروخت ہونے والے سمارٹ فونز کون سے ہیں؟
بدھ 6 مئی 2026 10:39
رواں برس آئی فون 17 کی مانگ میں کئی گنا اضافہ دیکھا گیا۔ (فوٹو: ایپل)
مارکیٹ ریسرچ ادارے کاؤنٹر پوائنٹ ریسرچ کے تازہ ترین گلوبل ہینڈسیٹ ماڈل سیلز ٹریکر کے مطابق ایپل کا آئی فون17 بیس ماڈل رواں سال کی پہلی سہ ماہیمیں دنیا کا سب سے زیادہ فروخت ہونے والا سمارٹ فون رہا، جس نے عالمی فروخت کا 6 فیصد حصہ حاصل کیا۔
ایپل کی آئی فون 17 سیریز نے فہرست میں پہلی تین پوزیشنیں اپنے نام کیں، جبکہ سام سنگ کی گلیکسی اے سیریز سب سے زیادہ نمایاں رہی، جس کے پانچ ماڈلز ٹاپ 10 میں شامل ہوئے۔ اس فہرست میں شاؤمی ریڈمی اے فائیو نے دسویں پوزیشن حاصل کی۔
رپورٹ کے مطابق ٹاپ 10 سمارٹ فونز نے عالمی فروخت کا مجموعی طور پر 25 فیصد حصہ حاصل کیا، جو پہلی سہ ماہی کے لیے اب تک کی بلند ترین شرح ہے۔ اس کی بڑی وجہ آئی فون 17 سیریز کی مسلسل طلب تھی اور وہ بھی ان حالات میں جب میموری چِپس کی قلت اور فونز کے پرزہ جات کی قیمتیں آسمان پر ہیں جس کے باعث اینڈرائیڈ کمپنیوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔
کاؤنٹر پوائنٹ ریسرچ کے سینئر تجزیہ کار ہرشت رستوگی کے مطابق آئی فون 17 پچھلے سال کے آئی فون 16 کے مقابلے میں بہتر کارکردگی دکھا رہا ہے، جس کی وجہ زیادہ بنیادی سٹوریج، بہتر کیمرہ ریزولوشن اور ڈسپلے ریفریش ریٹ جیسے اپ گریڈز ہیں، جو اسے پرو ماڈلز کے زیادہ قریب لاتے ہیں۔ ان کے مطابق چین اور امریکہ سمیت اہم مارکیٹس میں اس فون کی فروخت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ جنوبی کوریا میں فروخت تین گنا بڑھی۔
انہوں نے کہا کہ آئی فون17 پرو میکس اور 17 پرو نے دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کیں، جن میں کیمرہ، بیٹری اور نئے رنگوں و ڈیزائن کے حوالے سے مزید جدید خصوصیات شامل کی گئی ہیں۔
رواں سال کی سہ ماہی میں ایپل کی آئی فون 17 سیریز کے سمارٹ فونز سب سے زیادہ فروخت ہوئے۔ (فوٹو: کاؤنٹر پوائنٹ ریسرچ)
دوسری جانب سام سنگ کی گلیکسی اے سیریز کے تمام ماڈلز نے مختلف قیمتوں میں صارفین کو بہتر ویلیو فراہم کی۔ سام سنگ گلیکسی A074G سہ ماہی کا سب سے زیادہ فروخت ہونے والا اینڈرائیڈ فون رہا، جس کی فروخت میں مشرقِ وسطیٰ، افریقہ اور لاطینی امریکہ جیسے خطوں کا بڑا کردار رہا۔
سام سنگ اس فون کے ساتھ چھ سال تک سافٹ ویئر اور سیکیورٹی اپ ڈیٹس فراہم کر رہا ہے، جسے طویل مدت تک استعمال کے خواہش مند صارفین کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
سام سنگ گلیکسی ایس 26 الٹرا ٹاپ 10 فہرست میں شامل ہونے سے معمولی فرق سے رہ گیا، تاہم اس کی ابتدائی فروخت گزشتہ ماڈل کے مقابلے میں زیادہ مضبوط رہی۔ اس فون کی نمایاں خصوصیات میں صنعت کا پہلا پرائیویسی ڈسپلے اور بہتر مصنوعی ذہانت کے فیچرز شامل ہیں۔
شاؤمی ریڈمی A5 فہرست میں سب سے کم قیمت فون ثابت ہوا، جبکہ ابھرتی ہوئی مارکیٹس میں لانچ کے بعد سے اس کی مانگ برقرار ہے۔
کاؤنٹر پوائنٹ ریسرچ کے سینئر تجزیہ کار کرن چوہان کے مطابق 2026 کے دوران ٹاپ 10 سمارٹ فون ماڈلز کے عالمی فروخت میں مزید بڑا حصہ حاصل کرنے کی توقع ہے۔
ان کے مطابق مارکیٹ کی ممکنہ سست روی کا زیادہ اثر کم قیمت فونز پر پڑے گا، جبکہ پریمیم سمارٹ فونز کی مانگ میں اضافہ جاری رہ سکتا ہے۔ اسی رجحان کے پیشِ نظر کمپنیاں اب تعداد کے بجائے زیادہ ویلیو والے پریمیم ماڈلز پر توجہ دے رہی ہیں۔