Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہیری آپ خطرناک ہو،‘ میتھیو ہیڈن نے بیٹرز کو محمد حارث کی مثال کیوں دی؟

بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن نے پاکستانی بیٹنگ کو محتاط قرار دیا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک ڈرامائی رسائی کے بعد ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن محمد حارث کی تعریفیں کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
اتوار کو جنوبی افریقہ کی نیدرلینڈز کے خلاف فتح اور پھر پاکستان کی بنگلہ دیش کے خلاف جیت کے بعد پاکستان سیمی فائنل میں پہنچا۔ یہ کامیابی اتنی ڈرامائی تھی کہ ٹیم کے پرستار بھی حیران رہ گئے۔
اس جیت کے بعد بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن نے ڈریسنگ روم میں پاکستانی کھلاڑیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں کوئی بھی ٹیم پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کی امید نہیں رکھ رہی تھی۔
ہیڈن نے دوسری ٹیم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’انہوں نے سوچا تھا کہ ہم سے چھٹکارا حاصل کرلیا گیا ہے۔ اب وہ ہم سے چھٹکارا حاصل نہیں کرسکتے کیونکہ ہم اب یہاں موجود ہیں۔‘
میتھیو ہیڈن نے محمد رضوان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ہماری بیٹنگ تھوڑی سی محتاط تھی۔ لیکن ہم سب 100 فیصد آپ لوگوں کے پیچھے ہیں اور آپ کو اس بھروسے اور اپنے پیچھے اس طاقت کو محسوس کرنا چاہیے۔‘
انہوں نے پوری ٹیم کے سامنے ٹیم میں نئے آنے والے بیٹر محمد حارث کو ’خطرناک‘ قرار دیا۔
سابق آسٹریلین کرکٹر کا کہنا تھا کہ ’جب آپ دیکھتے ہیں کہ ہیری (محمد حارث) کس طریقے سے آج دوبارہ آکر کھیلے۔ ہم خطرناک ہیں، لڑکوں ہم خطرناک ہیں۔ ہمیں اس بات کو سمجھنا چاہیے اور سراہنا چاہیے۔‘
انہوں نے محمد حارث کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’ہیری آپ خطرناک ہو کیونکہ آپ کھلے دماغ سے کھیلتے ہیں اور شان مسعود بھی ایسے ہی ہیں۔‘
خیال رہے محمد حارث آسٹریلیا ریزرو کھلاڑی کی حیثیت سے گئے تھے لیکن فخر زمان کی انجری کے سبب انہیں جنوبی افریقہ کے خلاف کھلایا گیا۔
محمد حارث نے جنوبی افریقہ کے خلاف صرف 11 گیندوں پر 28 اور اتوار کو بنگلہ دیش کے خلاف 18 گیندوں پر 31 رنز بنائے تھے۔
پاکستان ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ نے مزید کہا کہ ’اس دنیا میں کوئی بھی ایسا نہیں ہوگا جو اس وقت ہمارا سامنا کرنا چاہے گا۔‘

شیئر: