Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ: ’محمد حارث کو کہاں چھپا رکھا تھا؟‘

محمد حارث نے صرف 11 گیندوں پر 28 رنز بنائے۔ (تصویر: اے ایف پی)
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ اس وقت آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں جاری ہے اور آج کے میچ میں فخر زمان کی جگہ نوجوان بیٹر محمد حارث کو شامل کیا گیا تھا۔
جمعرات کو جب محمد رضوان جلد ہی بولڈ ہوکر پویلین لوٹ گئے تو محمد حارث کو بیٹنگ کرنے کے لیے بھیجا گیا۔
محمد حارث بیٹنگ کرنے آئے اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 11 گیندوں پر 28 رنز بنائے۔ ان کی اس 11 گیندوں کی اننگز میں تین چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔
محمد حارث کی جارحانہ بیٹنگ اس وقت سوشل میڈیا پر گفتگو کا موضوع بنی ہوئی ہے۔
عاطف نواز نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’دیگر کھلاڑیوں نے زیادہ سکور کیا ہوگا لیکن محمد حارث کے 11 گیندوں پر 28 رنز کسی بھی پاکستانی بیٹر کی جانب سے ورلڈ کپ میں اب تک سب سے اچھی اننگز ہے۔‘
انڈین سپنر روچندرن ایشون بھی پاکستان کا میچ دیکھ رہے تھے اور انہوں نے محمد حارث کو کھیلتے ہوئے دیکھا اور نوجوان بیٹر کو سراہے بغیر نہ رہ سکے۔

یہ محمد حارث کا اس ٹی 20 ورلڈ کپ میں پہلا میچ ہے اور پہلے اس میچ میں ایسی جارحانہ بیٹنگ نے صارفین کو کہنے پر مجبور کردیا کہ ’یہ پہلے کہاں تھے؟‘
اویناش آرین نے ایک ٹویٹ میں لکھا ’محمد حارث آصف علی کو دکھا رہے ہیں کہ چھکا کیسے مارا جاتا ہے۔‘
ٹوئٹر پر یہ سوال بھی پوچھا جارہا ہے کہ ’ہم نے محمد حارث کو کہاں چھپا کر رکھا ہوا تھا؟‘
خیال رہے پاکستان کو ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں زندہ رکھنے کے لیے جنوبی افریقہ کو آج ہر صورت میں شکست دینی ہوگی۔ میچ نہ جیتنے کی صورت میں پاکستان ورلڈ کپ سے باہر ہوجائے گا۔

شیئر: