Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برطانیہ نسلوں تک نیٹو میں اہم کردار ادا کرتا رہے گا: وزیراعظم رشی سوناک

رشی سوناک نے کہا کہ ’یوکرین میں جنگ جاری ہے، ہمیں امن کو معمولی نہیں سمجھنا چاہیے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
برطانوی وزیراعظم رشی سوناک کا کہنا ہے کہ برطانیہ نسلوں تک نیٹو (نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن) میں اہم کردار ادا کرتا رہے گا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق نیٹو کے سیکریٹری جنرل جینز سٹولٹن برگ کے دورے سے قبل برطانوی وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بدھ کو ہونے والی بات چیت کا موضوع یوکرین کے لیے برطانیہ کی حمایت اور اتحاد کا مستقبل ہوگا۔
نیٹو کے سربراہ پہلے بین الاقوامی رہنما ہوں گے جو رشی سوناک کے گذشتہ ماہ عہدہ سنبھالنے کے بعد ڈاؤننگ سٹریٹ میں ان سے ملاقات کریں گے۔
رشی سوناک نے اپنے بیان میں کہا کہ ’جیسا کہ یوکرین میں جنگ جاری ہے، ہمیں اپنے ملک میں قائم امن کو معمولی نہیں سمجھنا چاہیے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں پرعزم ہوں کہ برطانیہ آنے والی نسلوں تک نیٹو کے لیے اہم کردار ادا کرتا رہے گا تاہم مستقبل کے چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لیے ہمیں ایک اتحاد کے طور پر تیار ہونا چاہیے تاکہ ہم اپنے مخالفوں کے خطرے کا مقابلہ کرنے میں آگے رہیں۔‘
نیٹو کا کہنا ہے کہ سٹولٹن برگ برطانیہ کے وزیر خارجہ جیمز کلیورلی سے بھی ملاقات کریں گے۔

نیٹو کے سربراہ پہلے بین الاقوامی رہنما ہوں گے جو رشی سوناک کے عہدہ سنبھالنے کے بعد ڈاؤننگ سٹریٹ میں ان سے ملاقات کریں گے (فوٹو: اے ایف پی)

سٹولٹن برگ ایک فوجی تنصیب کا دورہ کرنے کے بعد رشی سوناک سے ملاقات کریں گے جہاں برطانوی فوج یوکرین کے فوجیوں کو تربیت دے رہی ہے۔
برطانیہ نے مجمعوی طور پر 19,000 یوکرینی فوجیوں کو جنگی میدان میں اہم مہارتوں بشمول نشانہ بازی، ہتھیاروں سے نمٹنے، شہری اور خندق کی جنگ اور ابتدائی طبی امداد کی تربیت دینے کی پیشکش کی تھی۔
رشی سوناک نے منگل کے روز اعلان کیا کہ برطانیہ یوکرینی فوجیوں کو سخت سردی کا مقابلہ کرنے میں مدد کے لیے اضافی سامان بھیج رہا ہے جس میں لباس کے 25,000 سیٹ، 12,000 سلیپنگ کٹس اور 150 گرم خیمے شامل ہیں۔
برطانیہ کے نئے وزیراعظم نے عہدہ سنبھالنے کے بعد سب سے پہلے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا جن کے سابق وزیراعظم بورس جانسن کے ساتھ قریبی تعلقات تھے۔
سوناک نے ان سے وعدہ کیا کہ وہ یوکرین کے لیے برطانیہ کی ’مستقل حمایت‘ اور یکجہتی جاری رکھیں گے۔

شیئر: