Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور انگلینڈ کے فائنل میچ میں بارش ہو گئی تو کیا ہوگا؟

ورلڈ کپ میں بارش کی وجہ سے میلبرن میں تین میچ منسوخ ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ٹی20 کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل اتوار کو پاکستان اور انگلینڈ کے مابین کھیلا جائے گا تاہم یہ مقابلہ بارش سے متاثر ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
سیمی فاینل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ انگلینڈ نے انڈیا کو دس وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔
ویب سائٹ ویدر زون نے آسٹریلیا کے محکمہ موسمیات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اتوار کی شام کو میلبرن میں 95 فیصد امکان ہے کہ بارش ہو گی جبکہ پیر کو بھی بادل برسنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ضوابط کے مطابق اہم میچ متاثر ہونے کے بعد اس کا انعقاد اگلے روز کیا جاتا ہے تاہم اگلے روز یعنی پیر کو بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ پہلی ترجیح یہی ہو گی کہ میچ کو اسی روز ہی مکمل کیا جائے جس پر اس کو شیڈول کیا گیا ہے۔
ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے وضع کیے گئے قوانین کے مطابق ضروری ہے کہ میچ کو تبھی مکمل تصور کیا جا سکتا ہے جب کم از کم 10 اوورز کا کھیل ہو سکے جبکہ بارش کی صورت میں میچ کو وہیں سے شروع کیا جائے گا جہاں سے روکا گیا تھا۔
اسی طرح قوانین میں یہ نکتہ بھی شامل ہے کہ اگر بارش کی وجہ سے کھیل ممکن ہی نہ ہو تو اس صورت میں فائنل میں پہنچنے والی دونوں ٹیموں کو مشترکہ طور پر فاتح قرار دیا جائے گا۔
خیال رہے بارش کی وجہ سے میلبرن میں پہلے بھی تین میچ منسوخ ہو چکے ہیں۔

شیئر: