Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیروت ایئرپورٹ پر طیارے کو گولی لگ گئی

لبنان کی قانون ساز بولا یعقوبیان نے جہاز کے اس حصے کی تصویر شیئر کی جہاں گولی لگی (فوٹو: بولا یعقوبیان ٹوئٹر)
مڈل ایسٹ ایئرلائن کے ایک طیارے کو لبنان کے دارالحکومت بیروت کے ایئرپورٹ پر اترتے ہوئے نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگ گئی۔
مڈل ایسٹ ایئرلائن کے چیئرمین محمد الہوت نے برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ ’طیارے کو لگنے والی گولی کے نتیجے میں کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں۔‘
روئٹرز کے مطابق لبنان کی ملکیتی مڈل ایسٹ ایئرلائن کی پرواز بدھ کے روز اردن سے بیروت پہنچی تھی۔
محمد الہوت کے مطابق ’ہر سال ایئرپورٹ پر کھڑے ہوئے سات سے آٹھ جہاز بیروت کے قریبی علاقوں سے آنے والی گولیوں کا نشانہ بنتے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’بدھ کو پیش آنے والا واقعہ اس لحاظ سے مختلف ہے کہ اس میں چلتے ہوئے طیارے کو گولی لگی۔‘
لبنان میں خوشی کے موقع پر ہوائی فائرنگ معمول ہے، جہاں بڑے پیمانے پر لوگوں کے پاس اسلحہ موجود ہے۔
ملک میں سیاست دانوں کی تقاریر اور امتحانات میں کامیابی کے موقعے پر بھی ہوائی فائرنگ کے واقعات دیکھنے میں آتے ہیں۔
مڈل ایسٹ ایئرلائن کے چیئرمین محمد الہوت نے حکومت سے مطالبہ کہ ’لبنان میں اس طرح کی ہوائی فائرنگ کے واقعات کو لازمی طور پر روکا جائے۔‘
لبنانی قانون ساز بولا یعقوبیان بھی مڈل ایسٹ ایئرلائن اسی پرواز پر موجود تھیں اور انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جہاز کے اس حصے کی تصاویر بھی شیئر کیں جہاں گولی لگنے کا نشان موجود تھا۔  
انہوں نے بتایا کہ ’وہ جہاز کی سیٹ نمبر ٹو ایف پر بیٹھی تھیں اور گولی ان کے سر کے اوپر سے گزرتی ہوئی جہاز کے حصے سے ٹکرائی۔‘

شیئر: