Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ رخ خان کی شارجہ بُک فیسٹیول میں شرکت

بالی وڈ سٹار کا کہنا تھا کہ ’ہمیں سچائی، ایمان داری اور خوش مزاجی سے کام لینا ہوگا‘ (فوٹو: امارات الیوم)
بالی وڈ کے معروف سٹار شاہ رخ خان نے شارجہ کے انٹرنیشنل بُک فیسٹیول میں شرکت کی ہے۔ ہزاروں شائقین کی موجودگی میں انہوں نے آرٹ اور تخلیق کی اہمیت کے حوالے سے کہا کہ ’معاشرے میں آرٹ اور تخلیق کا کردار کلیدی ہے۔‘
الامارات الیوم کے مطابق شاہ رخ خان نے کانفرنس ہال میں شائقین سے خطاب میں کہا کہ ’آرٹ اور تخلیق کے بل پر ہم اپنے تمام اختلافات سے اوپر اٹھ سکتے ہیں۔ ہمیں انسانوں کو جوڑنے والی اقدار کی قدرو منزلت کرنا ہوگی۔‘
’سنیما اور شارجہ بُک فیسٹیول جیسی سرگرمیوں کے ذریعے ہمیں اپنی شناخت متعین کرنے والی باتوں کا انتخاب کرنا ہوگا۔ ہمیں اس دنیا کی تشکیل میں موثر کردار ادا کرنے والے عناصر کو اپنانا ہوگا جنہیں ہم مستقبل میں دیکھنا چاہتے ہیں۔‘ 
شاہ رخ خان نے مزید کہا کہ ’ہماری زندگی میں کتابوں کی بے حد اہمیت ہے۔ ہمیں ایسے فیسٹیولز میں شرکت کرنی چاہیے، صرف اس لیے نہیں کہ ہم کتابوں کا مطالعہ کریں بلکہ کتابوں کی تیاری کا طریقہ کار سیکھنے کے لیے بھی اس میں شریک ہونا چاہیے۔‘
’مجھے اس بات سے خوشی ہے کہ یہاں میری ملاقات دانشوروں سے ہوئی اورعوام سے گھل مل کر بات چیت کا موقع ملا۔ شارجہ آنا میرے لیے پھراعزاز کا باعث بنا ہے۔‘
انہوں نے اس موقع پر کامیاب زندگی کے راز سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر ہم کامیاب زندگی کا ہدف حاصل کرنا چاہتے ہیں تو سچائی، ایمان داری اور خوش مزاجی سے کام لینا ہوگا۔ اس سلسلے میں زندگی میں پیش آنے والی تبدیلیوں اور حالات سے بالاتر ہوکر ہمیں یہ تینوں خوبیاں اپنانا ہوں گی۔‘

شیئر: