Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عامر خان کا فلموں سے وقفہ لینے کا فیصلہ

عامر خان نے کہا کہ وہ ایک یا ڈیڑھ سال کوئی فلم نہیں کریں گے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
بالی وُڈ کے ’مسٹر پرفیکٹ‘ عامر خان نے فلموں میں کام کرنے سے وقفہ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق عامر خان نے ایک تقریب کے دوران یہ اعلان کیا کہ وہ اب فلموں سے ایک یا ڈیڑھ سال کا وقفہ لینا چاہتے ہیں۔
عامر خان نے اپنی فیملی اور والدہ کے ساتھ وقت گزارنے کے باعث فلموں سے وقفہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
عامر خان نے کہا کہ ’جب میں بطور اداکار فلمیں کرتا ہوں تو اس طرح مصروف ہو جاتا ہوں کہ میری زندگی میں اور کچھ نہیں بچتا، میں لال سنگھ چڈھا کے بعد چیمپیئنز نامی ایک فلم کرنے کے بارے میں سوچ رہا تھا جس کی کہانی بہت خوبصورت اور دل کو بھانے والے تھی، لیکن مجھے یہ محسوس ہوتا ہے کہ مجھے وقفہ لینا چاہیے تاکہ میں اپنی فیملی، اپنی والدہ اور بچوں کے ساتھ رہ سکوں۔‘
عامر خان نے اسی حوالے سے مزید کہا کہ ’میں یہ کام 35 برس سے کر رہا ہوں اور میں نے پوری توجہ سے یہ کام کیا ہے، مجھے لگتا ہے کہ میں اپنے قریب رہنے والے لوگوں کے ساتھ ٹھیک نہیں کر رہا، اب میرے خیال سے مجھے کچھ وقت کی بریک لینی چاہیے اور میں اب زندگی مختلف طریقے سے جینا چاہتا ہوں، میں مزید ایک یا ڈیڑھ سال بطور اداکار کام نہیں کروں گا۔‘
عامر خان کا شمار ہندی فلم انڈسٹری کے ان فنکاروں میں ہوتا ہے جو اپنی فلمیں بناتے وقت کہانی کو ملحوظ خاطر رکھتے ہیں اور ایک وقت پر صرف ایک ہی فلم کرتے ہیں۔
عامر خان عموما دو سال میں ایک فلم ریلیز کرتے ہیں جس کے بعد وہ لمبی چھٹی پر چلے جاتے ہیں اور اگلا پراجیکٹ کافی سوچ بچار کے بعد شروع کرتے ہیں۔
عامر خان کی آخری دو فلمیں باکس آفس پر بری طرح ناکام رہی ہیں۔
رواں سال عامر خان کی آخری آنے والی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ تھی جو کمزور کہانی اور بائیکاٹ مہم کے باعث فلاپ رہی جبکہ اس سے پہلے 2018 میں عامر خان کی ریلیز ہونے والی فلم ’ٹھگز آف ہندوستان‘ بھی بری طرح فلاپ ہوئی تھی۔

شیئر: