سنگیتا بجلانی 65 برس کی عمر میں فٹ رہنے کے لیے کیا کھاتی ہیں؟
پیر 12 جنوری 2026 5:37
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
سنگیتا بجلانی کی عمر 65 برس ہے (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ کی مشہور اداکارہ سنگیتا بجلانی 65 برس کی عمر میں بھی اپنی فِٹنس اور خوبصورتی کی وجہ سے سب کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق باقاعدہ ورزش کے ساتھ ساتھ صحت مند غذا ان کی فِٹنس روٹین کا اہم حصہ ہے۔
حال ہی میں سنگیتا بجلانی نے اپنے انسٹاگرام پر اپنے صحت بخش اور مزیدار ناشتے کی تصویر شیئر کی۔
ان کے ناشتے میں ناریل کے دودھ میں بھگوئے گئے چیا سیڈز، کیلا، مختلف خشک میوے اور بیج شامل تھے۔ اس کے ساتھ انہوں نے نرم ابلے ہوئے انڈے اور قہوہ بھی ناشتے میں لیا۔
سنگیتا بجلانی نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’صحت مند ناشتہ، ناریل کے دودھ میں چیا سیڈز، کیلا، خشک میوے، مختلف بیج، سوفٹ بوائلڈ انڈے اور گرین ٹی۔‘
ان کا سوشل میڈیا صحت مند غذا اور فِٹنس سے متعلق ایسی ہی پوسٹس سے بھرا رہتا ہے جو مداحوں کے لیے متاثر کن ہیں۔
گزشتہ برس سنگیتا بجلانی اس وقت خبروں میں آئیں جب پونے کے علاقے پاون دھاران میں واقع ان کے بنگلے میں چوری کی واردات پیش آئی۔ چور ان کے گھر سے تقریباً سات ہزار انڈین روپے مالیت کا ٹی وی اور 50 ہزار انڈین روپے نقدی لے گئے جس کا مجموعی نقصان 57 ہزار روپے بتایا گیا۔
ایک ایوارڈ تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سنگیتا بجلانی نے بتایا کہ وہ اس واقعے کے بعد سے ذہنی دباؤ اور صدمے سے اب تک مکمل طور پر باہر نہیں آ سکیں۔ انہوں نے پونے کے ایس پی سندیپ سنگھ گل سے ملاقات کر کے تفتیش تیز کرنے کی درخواست بھی کی تھی کیونکہ وہ خود کو اپنے ہی گھر میں غیر محفوظ محسوس کر رہی تھیں۔
سنگیتا بجلانی نے سنہ 1988 میں فلم ’قاتل‘ سے بالی وڈ میں قدم رکھا تھا۔ بعد ازاں وہ ’تری دیو‘، ’ہتھیار‘، ’جرم‘، ’یودھا‘، ’یگندھر‘، ’عزت‘ اور ’لکشمن ریکھا‘ جیسی فلموں میں نظر آئیں۔ وہ آخری بار 1996 کی فلم ’نربھے‘ میں سکرین پر دکھائی دیں۔
