ارجن کپور ’زندگی کا لازمی جزو‘، ملائکہ اروڑا نے ’پُراسرار دوست‘ کے بارے میں بھی بتا دیا
ارجن کپور ’زندگی کا لازمی جزو‘، ملائکہ اروڑا نے ’پُراسرار دوست‘ کے بارے میں بھی بتا دیا
منگل 13 جنوری 2026 20:15
اداکارہ نے کہا کہ ’میرے رشتوں کے بارے میں ہمیشہ بات کی جاتی رہی ہے اور ان کی ہمیشہ سرخیاں بنتی رہی ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ارباز خان سے سنہ 2017 میں طلاق کے بعد بالی وڈ کی معروف گلوکارہ اور اداکارہ ملائکہ اروڑا کی ذاتی زندگی ہر وقت خبروں میں رہی ہے۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق اداکارہ کا اداکار ارجن کپور کے ساتھ تعلق ٹوٹا تو یہ بھی ایک بڑی خبر بنی۔ اس کے بعد جب بھی ملائکہ اروڑا کو کسی مرد دوست کے ساتھ دیکھا جاتا ہے، سوشل میڈیا پر اُن کو رومانوی طور پر جوڑ دیا جاتا ہے۔ اب ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے ارجن کپور کے ساتھ اپنے تعلق کے بارے میں کھل کر بات کی ہے۔
ملائکہ اروڑا نے کہا کہ لوگ اُن کی ذاتی زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے ’بارڈر لائن‘ یا دو افراد کے تعلق کو رومانوی طور پر دیکھتے ہیں۔
’دی نمرتا ذکریا شو‘ میں ایک گفتگو کرتے ہوئے ملائکہ نے ارجن کپور کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ آپ کی زندگی کے کسی خاص مرحلے یا وقت کے دوران غصے اور تکلیف کی کیفیت ہوتی ہے، اور میرے خیال میں ہر کوئی ایسا کرتا ہے۔ ہم انسان ہیں، ہم سب غصے اور پریشان، مایوسی کے مراحل سے گزرتے ہیں، یہ انسانی فطرت ہے، لیکن جیسے جیسے وقت گزرتا جاتا ہے، وہ سب ٹھیک ہوتا جاتا ہے، وقت سب زخم مندمل کر دیتا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ کچھ مختلف نہیں ہے۔ لیکن قطع نظر اس کے کہ کچھ بھی ہو، میں سمجھتی ہوں کہ وہ کوئی ایسا شخص ہے جو میرے لیے بہت اہم ہے اور وہ جو میری زندگی کا ایک لازمی حصہ ہے۔ جو بھی ہو، میں واقعی میں اپنے ماضی کے بارے میں زیادہ بات نہیں کرنا چاہتی اور نہ ہی یہ کہ میرا مستقبل کیا ہو سکتا ہے۔ اس کے بارے میں کافی اور بہت کچھ لکھا جا چکا ہے۔ کافی اور بہت کچھ پھیلایا گیا ہے، میڈیا پر یہ بڑی جگہ پا چکا ہے۔‘
52 سال کی اداکارہ نے کہا کہ آج کل لوگوں کو مشہور شخصیات کی زندگی تک بہت زیادہ رسائی حاصل ہے۔ ’جیسا کہ میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ یہ اس سب کا حصہ ہے۔ اگر آپ اس بزنس میں ہیں تو آپ کو اس کے ساتھ آنے والی تمام چیزوں کے لیے تیار رہنا ہوگا۔ اس میں سے بہت کچھ ہو سکتا ہے، میرے خیال میں ہمیں یہ کہنے کی اجازت ہے کہ ہمیں وہاں کتنا ہونا چاہیے۔ ہماری ذاتی زندگی کا کتنا حصہ ذاتی ہے اور کتنا عوامی ہونا چاہیے۔ لیکن آج کے دور میں چاہے آپ کہیں بھی ہوں خبریں بن جاتی ہیں، ہر کسی کو رسائی حاصل ہے۔‘
ملائکہ اروڑا نے کہا کہ اب اُن کو کچھ ثابت کرنے کی ضرورت نہیں (فائل فوٹو: سکرین گریب)
اداکارہ نے کہا کہ ’میرے رشتوں کے بارے میں ہمیشہ بات کی جاتی رہی ہے اور ان کی ہمیشہ سرخیاں بنتی رہی ہیں۔ ایک موقع پر مجھے یہ کہنا یاد ہے کہ میری زندگی صرف میری ذاتی زندگی سے کہیں زیادہ ہے، یہ بہت زیادہ توجہ کا مرکز بن رہی تھی۔ بدقسمتی سے لوگ ایسی بات بھول جاتے ہیں کیونکہ اس سے کوئی سرخی نہیں بنتی۔ میں اب زندگی کے اس مرحلے پر ہوں، جہاں مجھے کچھ ثابت کرنے کی ضرورت نہیں، لیکن مجھے ایسی چیزیں کرنے کی ضرورت ہے جن سے مجھے خوشی ہو اور میں چاہتی ہوں کہ لوگ وہ دیکھیں۔‘
جب اُن سے اُس پراسرار شخص کے بارے میں پوچھا گیا جن کے ساتھ اُن کو حال ہی میں دیکھے جانے کی خبریں آئیں تھیں تو ملائکہ اروڑا نے کہا کہ ’لوگ باتیں کرتے رہتے ہیں۔ اگر آپ کو کسی کے ساتھ دیکھ لیا جاتا ہے، آپ لوگوں کے ساتھ باہر جاتے ہیں، اور یہ ایک بڑی بحث کا مرکز بن جاتی ہے۔ میں اس طرح کی باتوں کو غیرضروری طور پر مزید ایندھن فراہم نہیں کر سکتی۔ میں یہ اس لیے نہیں کر پاتی کہ اس کا کوئی مقصد نہیں ہوتا۔ یقین کریں جب کبھی باہر نکلتی ہوں خواہ کسی پرانے دوست یا مینیجر کے ساتھ ہی کیوں نہ ہوں لوگ مجھے اس کے ساتھ نتھی کر لیتے ہیں۔ ہم اس پر ہنستے ہیں اور اس کا مذاق بناتے ہیں۔ میری ماں مجھے فون کر کے پوچھتی ہیں کہ یہ اب کون ہے جس کے بارے میں یہ لوگ باتیں کر رہے ہیں۔ اب یہ ہماری ہنسی کا سامان بن گیا ہے۔‘