Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انگلینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ راولپنڈی سے کراچی منتقل ہونے کا امکان

غیر یقینی سیاسی صورت حال کے باعث پہلے ٹیسٹ میچ کی کراچی منتقلی کا امکان ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے لیے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی کو میزبانی دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔
کھیلوں کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان طے شدہ شیڈول کے مطابق پہلا ٹیسٹ میچ پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جانا ہے۔
تاہم سیاسی بے یقینی کے باعث پاکستان اور انگلینڈ کے کرکٹ بورڈز پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے راولپنڈی کے بجائے متبادل وینیو پر غور کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ٹیسٹ سیریز کے لیے انگلش ٹیم شیڈول کے مطابق پاکستان پہنچے گی اور ٹیسٹ میچز بھی پہلے سے طے شدہ تاریخوں کے مطابق ہی کھیلے جائیں گے۔
تاہم ممکنہ طور پر نیشنل سٹیڈیم کراچی سیریز کے تیسرے میچ کے علاوہ پہلے میچ کی بھی میزبانی کرے گا جبکہ ملتان میں دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلا جائےگا۔
یاد رہے کہ انگلینڈ کی 2001-2000 کی سیریز میں کامیابی کے بعد دونوں ممالک کے درمیان گذشتہ 20 برس کے دوران کراچی میں کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا گیا۔
راولپنڈی سے کراچی ٹیسٹ میچ کی منتقلی کا حتمی فیصلہ آئندہ 48 سے 72 گھنٹوں میں متوقع ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ اس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں اور فریقین سے رابطے کر رہا ہے۔
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سے ملحقہ شہر راولپنڈی میں پاکستان کی بری فوج کا ہیڈکوارٹرز ہے اور شیڈول کے مطابق یہاں یکم دسمبر سے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ شروع ہونا ہے۔
تاہم سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے لانگ مارچ کے ہمراہ راولپنڈی پہنچنے کے اعلان کے بعد سیاسی صورت حال غیر یقینی دکھائی دیتی ہے۔
 اس کے بعد کسی بھی ناخوش گوار صورت حال سے بچنے کے لیے ٹیسٹ میچ کو کراچی منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔

شیئر: