Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں فلم پروڈکشن کے مواقع، مقامی معیشت مضبوط بنانے کا جائزہ

مملکت میں فلم انڈسٹری کو سپورٹ کرنے کے لیے فنانسنگ کے ذرائع دستیاب ہیں(فوٹو عرب نیوز)
سعودی فلم کمیشن نے فلمی شائقین اور صنعت کے پیشہ ورافراد کے لیے اوپن سیمینارز کی ایک سیریز کے ایک حصے کے طور پر ’مملکت میں فلم پروڈکشن کی حوصلہ افزائی‘ کے لیے ایک ورچوئل سیمینار منعقد کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سیمینار میں یہ بات نوٹ کی گئی کہ مملکت میں فلم انڈسٹری کو سپورٹ کرنے کے لیے فنانسنگ کے ذرائع دستیاب ہیں۔ شرکا نے حکومت کے مالیاتی مواقع اور مملکت کے اندر اور باہر نجی شعبے کے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے ساتھ اپنے مقامی اور بین الاقوامی تجربات کا جائزہ لیا۔
سیمینار نے فلم کمیشن کی طرف سے مقامی صنعت کو سپورٹ کرنے اور بڑی بین الاقوامی پروڈکشن کمپنیوں کو سعودی عرب میں شوٹنگ کے لیے راغب کرنے کے حوالے سے شروع کیے گئے مالیاتی بحالی کے پروگرام پر بھی روشنی ڈالی جس کے نتیجے میں بین الاقوامی فلم سازوں کے ساتھ ہم آہنگی کے ذریعے سعودی فلم سازوں کی مہارت میں بہتری آئے گی۔
سیمینار میں مقامی معیشت کو مضبوط بنانے میں اس شعبے کے کردار پر مزید بحث کی گئی کیونکہ پیداواری منصوبوں کے لیے خوراک، رہائش اور نقل و حمل سمیت لاجسٹک سپورٹ کی ضرورت ہوتی ہے جس سے شاندار منافع حاصل کیا جا سکتا ہے۔
شرکا نے ’ڈیزرٹ واریر‘ کا حوالہ دیا جس کا ایک بڑا حصہ تبوک شہر میں 11 ماہ کے عرصے میں فلمایا گیا تھا۔ اس دوران زیادہ تر ہاؤسنگ یونٹس استعمال میں آئے جب کہ علاقے میں موجود بڑے عملے کی وجہ سے شہر کے بازاروں میں تجارتی سرگرمیاں بحال ہو گئیں۔
شرکا نے مقامی فلم پروڈکشن مارکیٹ کے اعداد و شمار شائع کرنے اور آڈیئنس کے طرزعمل کا مطالعہ کرنے کی ضرورت پر بھی زوردیا تاکہ ان کے ذوق کے مطابق فلمیں بنائی جا سکیں اور فلم انڈسٹری کی پائیداری کو یقینی بنایا جا سکے۔

شیئر: