Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نئے آرمی چیف کا اعلان آئندہ ہفتے منگل یا بدھ تک ہو جائے گا: وزیر دفاع

خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان فوجی جرنیلوں پر بہت سنگین الزامات لگا رہے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نئے آرمی چیف کی تعیناتی کا عمل پیر سے شروع ہو گا اور اگلے ہفتے منگل یا بدھ تک یہ عمل مکمل ہو جائے گا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان آرمی چیف کی تعیناتی کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
’فوج کا ایک طریقہ کار ہے جس کے تحت وہ پانچ نام بھیجیں گے اور ان میں سے ایک نام کا انتخاب ہو جائے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس میں کوئی ابہام نہیں ہے اور کوئی اختلاف نہیں ہے۔ عمران خان کی خواہش ہے کہ اس معاملے پر اتحدایوں میں اختلاف پیدا ہو۔‘
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان فوجی جرنیلوں پر بہت سنگین الزامات لگا رہے ہیں، ایسا پاکستان کی 75 سالہ تاریخ میں کسی نے نہیں کیا۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے اتحادیوں کے ساتھ مشاورت کی جا رہی ہے۔
’صدر مملکت کے ساتھ اسحاق ڈار کی ملاقات میں آرمی چیف کی تعیناتی کا ذکر نہیں ہوا بلکہ ملک کی معاشی صورت حال پر بات ہوئی۔‘
انہوں نے آرمی ایکٹ کے حوالے سے کہا کہ 2019 کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق ترامیم ہونا تھیں۔ اس تعیناتی کے ساتھ اس کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
’اگر فوج نے کہا ہے کہ وہ نیوٹرل ہو گئی ہے تو اس موقف کی عزت کرنی چاہیے۔ عمران خان نے گذشتہ سال آئی ایس آئی کے ڈی جی کی تعیناتی پر معاملات خراب کیے۔’
وزیر دفاع خواجہ آصف کہا کہ عمران خان نے خود کو نقصان پہنچایا۔ سیاست دانوں کو اس طرح کے عمل کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔  

شیئر: