خروج عودہ کی جگہ فائنل ایگزٹ لگوانا ہے، فیس واپس ہوسکتی ہے؟
خروج عودہ کی جگہ فائنل ایگزٹ لگوانا ہے، فیس واپس ہوسکتی ہے؟
ہفتہ 19 نومبر 2022 0:16
مملکت میں خروج وعودہ کی ابتدائی فیس 200 ریال مقرر ہے ( فائل فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب میں مقیم غیرملکیوں کے رہائشی پرمٹ ’اقامے‘ کا اجرا اورتجدید کے علاوہ خروج وعودہ اورخروج نہائی یعنی ایگزٹ ری انٹری اور فائنل ایگزٹ کے معاملات محکمہ جوازات کی ذمہ داری ہے۔
خروج وعودہ کی ابتدائی فیس 200 ریال ہوتی ہے جس کی مدت دو ماہ ہے۔ بعدازاں ہراضافی مہینے کے لیے 100 ریال فیس مقرر ہے۔
جوازات کے ٹوئٹرپرایک شخص نے دریافت کیا کہ ’بچے کا ایگزٹ ری انٹری لگایا تھا چھ ماہ کے لیے لیکن اب ارادہ کینسل کردیا ہے۔ خروج وعودہ کی جگہ خروج نہائی لگانا چاہتا ہوں، معلوم کرنا ہے کہ کیا ایگزٹ ری انٹری کی فیس 600 ریال جمع کرائی تھی واپس ہوسکتی ہے ؟‘
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ ’خروج نہائی ویزہ جاری کرانے کے بعد اس کےلیے جمع کی گئی فیس واپس نہیں ہوسکتی۔‘
خروج وعودہ کے لیے جو 600 ریال کی فیس جمع کرائی تھی اس کے مقابل 6 ماہ کا خروج وعودہ ویزا جاری کیا جا چکا تھا۔ جوازات کے قانون کے مطابق اگرجمع کرائی گئی فیس کے مقابل وہ خدمت حاصل کرلی گئی ہو اس صورت میں جمع کی گئی فیس واپس نہیں لی جاسکتی۔
وہ افراد جو خروج وعودہ جاری کراچکے ہیں اور اسے استعمال کرنے سے قبل وہ اسے کینسل کرانا چاہتے ہیں اس صورت میں ایگزٹ ری انٹری ویزہ ایکسپائرہونے سے قبل اسے کینسل کرایا جاسکتا ہے۔
خروج وعودہ کینسل کرانے کے بعد فائنل ایگزٹ ویزا لگایا جاسکتا ہے۔ خروج وعودہ کی موجودگی میں اسے کینسل کرانا ممکن نہیں ہوتا۔
خروج وعودہ ویزا کے حوالے سے ایک شخص نے جوازات سے استفسار کیا ہے کہ ’ملٹی پل انٹری خروج وعودہ ویزے کی انتہائی مدت کتنی ہوتی ہے اوراس کی کم از کم فیس کتنی ہے؟‘
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ ’ملٹی پل انٹری خروج وعودہ کی انتہائی مدت تین ماہ ہوتی ہے۔ اس دوران متعدد بار بیرون مملکت سفر کرسکتے ہیں۔‘
’ملٹی پل ایگزٹ ری انٹری ویزے کی ابتدائی فیس 500 ریال ہوتی ہے۔ ابتدائی طورپر جاری کیا جانے والا ویزا تین ماہ تک کارآمد ہوتا ہے۔ ابتدائی مدت کے تین ماہ کے علاوہ اضافی ملٹی ایگزٹ ری انٹری ویزا حاصل کرنے کےلیے فی ماہ 200 ریال ادا کرنے کے بعد جتنی مدت کے لیے خروج وعودہ حاصل کرنا ہو کیا جاسکتا ہے۔‘
جو بھی چھ6 ماہ کے لیے ملٹی پل ایگزٹ ری انٹری ویزا حاصل کرنے کے خواہاں ہیں انہیں چھ ماہ کے لیے مجموعی طور پر900 ریال ادا کرنا ہوں گے جس کے بعد ملٹی پل انٹری ایگزٹ ری انٹری ویزا چھ ماہ کےلیے جاری کیا جا سکتا ہے۔
فیس کے 500 ریال ابتدائی ملٹی پل ایگزٹ ری انٹری ویزے کےلیے ہیں جس کی مدت تین ماہ ہوتی ہے اس کے بعد ہر تین ماہ کےلیے فی ماہ 200 ریال فیس مقرر ہے۔
سنگل انٹری ویزے کے ابتدائی فیس 200 ریال ہوتی ہے جس کے بعد ہر اضافی ماہ کےلیے 100 ریال فیس جمع کرانا ضروری ہے۔ سنگل ایگزٹ ری انٹری ویزہ ایک ہی بار استعمال ہوسکتا ہے۔