Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیلی فضائی حملے میں 4  شامی فوجی ہلاک، ایک زخمی

طیاروں نے ساحلی اور وسطی شام میں فوجی ٹھکانوں پر میزائل حملے کئے ہیں۔ فوٹو ٹوئٹر
شام کے وسطی اور ساحلی علاقوں پر اسرائیلی فضائی حملے  میں شام کے چار فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا ہے۔
اے پی نیوز ایجنسی کے حوالے سے شام کے سرکاری میڈیا نے نامعلوم شامی فوجی اہلکار کے حوالے سے ہفتے کے روز بتایا ہے کہ بحیرہ روم پر پرواز کرنے والے اسرائیلی جنگی طیاروں نے ساحلی اور وسطی شام میں فوجی ٹھکانوں پر میزائل حملے کئے ہیں۔

اسرائیل نے شامی زیر کنٹرول علاقوں پر سینکڑوں حملے کیے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

شام میں حزب اختلاف کی جنگ پر نظر رکھنے والی ایک تنظیم  آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے اطلاع دی ہے کہ شام کے ساحلی صوبے لاذاقیہ اور وسطی شام کے علاقوں حمیٰ اور حمص میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں تا ہم مزید تفصیلات نہیں بتائیں ۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے حالیہ برسوں میں شام کی حکومت کے زیر کنٹرول علاقوں میں اپنے اہداف پر سینکڑوں حملے کیے ہیں لیکن اسرائیل شاذ و نادر ہی ایسی کارروائیوں کو تسلیم کرتا  ہے  یا اس پر بات کرتا ہے۔

اسرائیلی حملے میں الشعیرات ایئر بیس کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ فوٹو دی ڈرائیو

علاوہ ازیں اسرائیل یہ تسلیم کرتا ہے کہ وہ لبنان کی حزب اللہ تنظیم  اور ایران کے اتحادی عسکریت پسند گروپوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتا ہے۔
واضح رہے کہ لبنان کی حزب اللہ تنظیم نے شام کے صدر بشارالاسد کی حمایت کے لیے ہزاروں جنگجو بھیجے ہیں۔
قبل ازیں 13 نومبر کو وسطی شام پر اسرائیلی حملے میں الشعیرات ایئر بیس کو نشانہ بنایا گیا جس میں دو فوجی ہلاک اور تین زخمی ہوگئے تھے۔
 

شیئر: