Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی اے ای اے کی یوکرین نیوکلیئر پلانٹ پر شیلنگ کی مذمت

روس کے زیرکنٹرول یوکرین کے خطے میں موجود یورپ کا سب سے بڑا نیوکلیئر پاور پلانٹ شیلنگ سے ہونے والے دھماکوں سے لزر اٹھا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
بین الاقوامی جوہری توانائی کی ایجنسی آئی اے ای اے کے سربراہ رافائل ماریانو گروسی نے یوکرین میں یورپ کے سب ست بڑے جوہری پاور پلانٹ پر شیلنگ کی مذمت کی ہے۔
آئی اے ای اے کے سربراہ نے اس ’پاگل پن‘ کو فوری روکنے کا مطالبہ بھی کیا۔
خیال رہے سنیچر اور اتوار کو روس کے زیرکنٹرول یوکرین کے خطے میں موجود یورپ کا سب سے بڑا نیوکلیئر پاور پلانٹ شیلنگ سے ہونے والے دھماکوں سے لزر اٹھا تھا۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یوکرین کے زاپوروژیا خطے میں موجود پلانٹ پر شیلنگ سے دھماکے ہوئے ہیں۔
یورپ کے سب سے بڑے نیوکلیر پاور پلانٹ پر شیلنگ کے بعد رافائل ماریانو گروسی نے کسی بھی جوہری حادثے سے بچنے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کر دیا ہے۔
رافائل ماریانو گروسی نے کہا کہ جوہری پلانٹ کے نزدیک جمعے کی شام اور ہفتے کی صبح ہونے والے دھماکوں نے پلانٹ کے اردگرد کافی عرصے سے قائم خاموشی توڑ دی۔
یہ علاقہ 24 فروری کو روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے بعد سے روسی اور یوکرینی فوجوں کے درمیان میدان جنگ بنا ہوا تھا۔
روس کی جانب سے جنگ کے ابتدائی ایام میں پاور پلانٹ پر قبضے کے بعد ہونے والی لڑائی نے جوہری تباہی کے خدشات کو جنم دیا ہے۔
بین الاقوامی جوہری توانائی کی ایجنسی کا کہنا ہے کہ جوہری پلانٹ کے قریب اور سائٹ پر ہونے والی تازہ شیلنگ کے بعد پلانٹ پر موجود ایجنسی کے ماہرین کواتوار کی صبح مزید دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔
پلانٹ کی انتظامیہ کا حوالہ دیتے ہوئے آئی اے ای اے کا کہنا تھا کہ شیلنگ سے پلانٹ پر موجود سامان اور سسٹم تباہ ہوگئے۔ تاہم ان کے مطابق شیلنگ سے تباہ ہونے والا سامان پلانٹ کی نیوکلیئر سیفٹی کے حوالے اہم نہیں۔
تاہم گریسی کا کہنا تھا اس کے باوجود شیلنگ کی خبر ’انتہائی پریشان کن‘ ہے۔

شیئر: