Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زخمی سعودی فٹبالر یاسر الشھرانی دوحہ سے ریاض منتقل، کامیاب سرجری  

بدھ کی صبح دوحہ سے ریاض کے نیشنل گارڈ  ہسپتال منتقل کیا گیا ( فوٹو: العربیہ)
قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ 2022  میں ارجنٹائن کے خلاف مملکت کے تاریخی میچ کے دوران شدید زخمی ہونے والے سعودی فٹبالر یاسر الشھرانی کو مزید علاج کے لیے ایئرلفٹ کر کے ریاض پہنچا دیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق گرین فالکنز کے ٹوئٹر پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا کہ ’فٹبالر یاسر الشھرانی کو بدھ کی صبح دوحہ کے حمد میڈیکل سٹی سے ریاض کے نیشنل گارڈ  ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی سرجری کی گئی ہے‘۔
واضح رہے کہ ارجنٹائین کے خلاف میچ کے دوران یاسرالشھرانی سعودی گول کیپر محمد العویس سے ٹکرا گئے تھے جس کے نتیجے میں ان کا جبڑا اور بائیں چہرے کی ہڈیاں ٹوٹ گئی تھی اور اس کے لیے سرجری کی ضرورت تھی۔
خیال رہے کہ یاسر الشھرانی کو میچ ختم ہونے سے چند لمحے قبل سٹریچر کے ذریعے دوحہ کے حماد میڈیکل سٹی کے ایک ہسپتال لے جایا گیا۔
یاسر الشھرانی نے ایک وڈیو پیغام میں اپنے پرستاروں کو اطمینان دلایا ہے کہ ’وہ خطرے سے باہر ہیں پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں‘۔  
سعودی سٹار فٹبالر نے کہا کہ ’میں خیریت سے ہوں اللہ تعالی  آپ سب کو صحت و عافیت سے رکھے۔ آپ لوگوں کی دعائیں میرے لیے بڑا سرمایہ ہیں‘۔
سعودی عوام کو ارجنٹائن سے فتح مبارک ہو۔ آپ سب اس کامیابی اور خوشی کے بجا طور پر حقدار ہیں‘۔ 
یاد رہے کہ سعودی عرب نے منگل کو دوحہ کے لیوسل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ارجنٹائن کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کا پہلا اَپ سیٹ کیا۔ میچ کا پہلا گول ارجنٹائن کی جانب سے لیونل میسی نے پہلے ہاف کے دسویں منٹ میں پینلٹی کک پر کیا۔
اس کے جواب میں 48 ویں منٹ میں سعودی عرب کے صالح الشھری نے پہلا گول کر کے سکور برابر کر دیا۔
اس کے محض پانچ منٹ کے بعد ہی سالم الدوسیری نے سعودی عرب کا دوسرا گول کر کے ٹیم کو برتری دلا دی جو میچ کے آخر تک برقرار رہی۔
اس میچ نے ارجنٹائن کے 36 میچوں کے ناقابل شکست ریکارڈ کو ختم کر دیا۔فٹ بال کی تاریخ میں پہلی بار ارجنٹائن کو کسی ایشیائی ٹیم کے ہاتھوں شکست ہوئی۔
منگل کو ہونے والے میچ کے دوران دوحہ کے لیوسیل سٹیڈیم میں 88 ہزار سے زائد تماشائی موجود تھے جس میں سعودی مداحوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔

شیئر: