Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین آرمی پر طنز، بالی وڈ اداکارہ ریچا چڈھا کے خلاف بائیکاٹ مہم شروع

ٹوئٹر پر انڈین صارفین ’فُکرے 3‘ کے خلاف بائیکاٹ مہم چلا رہے ہیں۔ (فوٹو: یوٹیوب)
بالی وُڈ اداکارہ ریچا چڈھا کی جانب سے انڈین فوج پر طنزیہ ٹویٹ کے بعد ان کے خلاف بائیکاٹ مہم جاری ہے۔
ریچا چڈھا نے جمعرات کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انڈین آرمی پر ایک طنزیہ ٹویٹ کیا تھا۔
ٹوئٹر پر انڈین فوج کے نادرن کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اوپیندرا دیودی سے منسوب بیان وائرل ہے جس میں انہوں نے ’پاکستان کے زیرانتطام کشمیر کو پاکستان سے واپس لینے کا کہا ہے اور پاکستان کو سیز فائر سے متعلق دھمکیاں دی ہیں۔‘
اس کے جواب میں ریچا چڈھا نے ٹویٹ کیا کہ ’گلوان ہائے کہہ رہا ہے۔‘

واضح رہے کہ 15 جون 2020 کو انڈین اور چینی فوجیوں کے درمیان لداخ میں ہونے والی اس جھڑپ میں 20 انڈین فوجی ہلاک ہوئے تھے جس کے بعد دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان سرحدی کشیدگی میں اضافہ ہو گیا تھا۔
ریچا چڈھا کو اس ٹویٹ پر بالی وُڈ کے اداکاروں سمیت انڈین عوام کی جانب سے بھی شدید تنقید سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اکشے کمار کہتے ہیں کہ ’یہ دیکھ کر دکھ ہوا، کچھ بھی ہو جائے ہم لوگوں کو افواج کا ناشکرا نہیں ہونا چاہیے، وہ ہیں تو ہم ہیں۔‘
سینیئر اداکار انوپم کھیر نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’ملک کو بدنام کرنے سے کچھ لوگوں میں مشہور ہونے کی کوشش کرنا بزدل اور چھوٹے لوگوں کا کام ہے، فوج کے وقار کو کنارے سے لگانا، اس سے زیادہ کیا شرمناک ہوسکتا ہے؟‘
بالی وُڈ ڈائریکٹر ویویک اگنی ہوتری کا کہنا تھا کہ ’مجھے اس رویے پر بالکل بھی حیرانی نہیں ہو رہی، یہ سچ میں انڈیا کے خلاف ہیں، دل کی بات زبان پر آ ہی جاتی ہے، پھر یہ پوچھتے ہیں کہ لوگ بالی وُڈ کا بائیکاٹ کیوں کرتے ہیں۔‘

دوسری جانب ریچا چڈھا کی نئی آںے والی فلم ’فُکرے 3‘ کے خلاف بائیکاٹ مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔ فلم 30 دسمبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
اشوتوش دوبے نے کہا کہ ’بائیکاٹ فُکرے 3 اب ہائے کہہ رہا ہے۔‘

ایک صارف نے لکھا کہ ’اب انہیں ان کی زبان میں ہی جواب دینا پڑے گا۔‘
مِتھی نامی صارف کا کہنا تھا کہ ’ری ٹویٹ کریں اگر اپ یہ معافی نامہ نہیں پڑھنا چاہتے اور فُکرے 3 کا پھر بھی بائیکاٹ کریں گے۔‘
خیال رہے ریچا چڈھا نے انڈین آرمی کے بارے میں ٹویٹ کرنے کے بعد اسے ڈیلیٹ کر دیا تھا۔

شیئر: