Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد نے عہدہ سنبھال لیا

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اپنا عہدہ سنبھال لیا ہے۔
اتوار کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کو جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹر میں جوائنٹ سروسز گارڈ نے سلامی پیش کی۔ تقریب میں تینوں افواج کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران نے شرکت کی۔ 
واضح رہے کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا آج ریٹائر ہو گئے ہیں اور ان کی جگہ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے ذمہ داریاں سنبھالی ہیں۔
24 نومبر کو وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس سے منظوری کے بعد وزیراعظم نے جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف، جبکہ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف تعینات کرنے کا فیصلہ کیا اور اس سلسلے میں ایڈوائس صدرِ مملکت کو بھیجی۔
صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم پاکستان کی سفارش پر فوج میں اعلیٰ عہدوں پر تعیناتیوں کی منظوری دی۔
اس کے بعد صدرِ مملکت عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف سے نئے چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور چیف آف دی آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کی علیحدہ علیحدہ ملاقات ہوئی۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا کا تعلق ضلع چکوال کے ایک قصبے ملہال مغلاں سے ہے۔ ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کے والد ان کے اوائل عمری میں ہی انتقال کر گئے تھے جس کے بعد انہوں نے سخت محنت سے اپنی زندگی خود بنائی۔  
ساحر شمشاد مرزا کے دو بیٹے ہیں، بڑا بیٹا ایک جونیئر فوجی افسر ہے جبکہ چھوٹا ابھی زیر تعلیم ہے۔
پی ایم اے کاکول کے 76 لانگ کورس سے پاس آوٹ ہو کر آٹھ سندھ رجمنٹ سے فوجی کیریئر کا آغاز کرنے والے ساحر شمشاد مرزا چیئرمین جوائنٹس چیفس آف سٹاف کمیٹی بننے سے پہلے پاکستان آرمی کی سب سے متحرک ٹین کور کے کمانڈر تھے۔
انہوں نے پاکستان فوج کے چیف آف جنرل سٹاف، ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز اور ایڈجوٹینٹ جنرل کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں۔  

شیئر: