Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عمران خان اسمبلیاں توڑنےکا کہیں تو ایک منٹ تاخیر نہیں ہو گی‘

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ’پنجاب حکومت عمران خان کی امانت ہے اور جب وہ اسمبلیاں توڑنے کا کہیں گے تو ایک منٹ کی دیر نہیں ہو گی۔‘
اتوار کو اپنے ایک ویڈیو بیان میں چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ’ہم وضع دار لوگ ہیں جس کے ساتھ چلتے ہیں اس کا ساتھ نہیں چھوڑتے۔ اسمبلیوں سے جب استعفے دیے تو شہباز شریف کی 27 کلومیٹر کی حکومت 27 گھنٹے بھی نہیں چل سکے گی۔‘ 
اسمبلیوں سے باہر آنے کا اعلان قابل عمل یا محض دباؤ بڑھانے کی سیاسی چال؟
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ’راولپنڈی جلسے میں عمران خان کی سیاسی حکمت عملی فیصلہ کن راؤنڈ میں داخل ہو گئی ہے۔ عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر عمران خان کی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ صوبائی اسمبلیوں سے استعفے آتے ہی پی ڈی ایم کا جعلی اتحاد بھی انتشار کی شکل اختیار کرتا جائے گا۔‘
اس سے قبل اتوار ہی کو پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کی اسمبلی کے سپیکر اور تحریک انصاف کے رہنما مشتاق غنی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کے تمام ارکان اسمبلی چھوڑنے کے لیے تیار ہیں۔
مشتاق غنی نے کہا کہ ’پارٹی کے چیئرمین عمران خان کے حکم کے منتظر ہیں، اسمبلی چھوڑنے میں ایک منٹ کی تاخیر نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ’اسمبلی سے نکلنے کو تیار ہیں، عمران خان کے حکم کا انتظار ہے اور ایک لمحے کی بھی تاخیر نہیں ہو گی۔
مشتاق غنی نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی سے اگر پی ٹی آئی کے ارکان نکل جائیں تو پیچھے خالی کرسیاں رہ جائیں گی۔
اس سے پہلے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے بھی کہا تھا کہ اسمبلی استعفوں سے متعلق عمران خان کے حکم پر فوری عمل ہوگا۔
خیال رہے کہ سنیچر کو ’آزادی مارچ‘ کے جلسے سے خطاب میں سابق وزیراعظم عمران خان نے صوبائی اسمبلیاں چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ 
عمران خان نے صوبائی حکومتوں سے باہر نکلنے کی تاریخ تو نہیں دی تھی، لیکن کہا تھا کہ وہ تمام وزرائے اعلیٰ اور پارلیمانی پارٹیوں سے مشاورت شروع کر رہے ہیں اور جلد ہی اسمبلیوں سے نکلنے کا حتمی اعلان کریں گے۔

شیئر: