Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسمبلی چھوڑنے میں تاخیر نہیں ہوگی، حکم کے منتظر ہیں: سپیکر خیبرپختونخوا

جلسے سے خطاب میں عمران خان نے اسمبلیاں چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کی اسمبلی کے سپیکر اور تحریک انصاف کے رہنما مشتاق غنی نے کہا ہے کہ ان کے تمام ارکان اسمبلی چھوڑنے کے لیے تیار ہیں۔
اتوار کو ایک بیان میں صوبائی اسمبلی کے سپیکر مشتاق غنی نے کہا کہ ’پارٹی کے چیئرمین عمران خان کے حکم کے منتظر ہیں، اسمبلی چھوڑنے میں ایک منٹ کی تاخیر نہیں ہوگی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اسمبلی سے نکلنے کو تیار ہیں، عمران خان کے حکم کا انتظار ہے اور ایک لمحے کی بھی تاخیر نہیں ہو گی۔‘
خیال رہے کہ سنیچر کو ’آزادی مارچ‘ کے جلسے سے خطاب میں سابق وزیراعظم عمران خان نے صوبائی اسمبلیاں چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ 
مشتاق غنی نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی سے اگر پی ٹی آئی کے ارکان نکل جائیں تو پیچھے خالی کرسیاں رہ جائیں گی۔
اس سے قبل معاونِ خصوصی برائے اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے بھی کہا تھا کہ اسمبلی استعفوں سے متعلق عمران خان کے حکم پر فوری عمل ہوگا۔
’خیبرپختونخوا حکومت عمران خان کے ہر حکم پر من و عن عمل درآمد کرے گی۔ استعفے، اسمبلی تحلیل اور حکومت سے نکلنے کے لیے تیار ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سیاسی بحران کے خاتمے کا واحد حل نئے اور شفاف انتخابات ہیں، اگر امپورٹڈ حکومت ملک و قوم کے ساتھ مخلص ہے تو الیکشن کا اعلان کرے۔‘
پی ٹی آئی مستعفی ہوئی تو نیا قائد ایوان منتخب کریں گے، ترجمان ن لیگ
دوسری جانب خیبرپختونخوا میں ن لیگ کے ترجمان اور رکن صوبائی اسمبلی اختیار ولی خان نے کہا کہ تحریک انصاف کے اسمبلی سے مستعفی ہونے کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔
اتوار کو ویڈیو بیان میں ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی چار کروڑ عوام کی امانت ہے، اس کا دفاع کریں گے۔
’وزیر اعلٰی کے خلاف عدم اعتماد جمع کریں گے اور عدالت سے بھی رجوع کر سکتے ہیں۔ اگر پی ٹی آئی اسمبلی سے مستعفی ہوئی تو نیا قائد ایوان منتخب کر لیں گے۔‘
عمران خان کے اعلان کے بعد مسلم لیگ ق کے رہنما اور وزیر اعلٰی چوہدری پرویز الٰہی کے بیٹے مونس الٰہی نے ٹویٹ کیا تھا کہ ’ہم اپنے وعدے پر قائم ہیں۔ جس دن عمران خان نے کہا اسی وقت پنجاب اسمبلی توڑ دی جائے گی۔‘

شیئر: