Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہندی کو قومی زبان بنانے کا تنازع، 85 سالہ کسان نے خود کو آگ لگا دی

ڈی ایم کے پارٹی کے سربراہ ایم کے سٹالن نے بی جے پی حکومت کی زبان کے حوالے سے پالیسیوں پر تنقید کی ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈین پولیس نے کہا ہے کہ جنوبی انڈیا میں ایک معمر شخص نے مرکزی حکومت کی ہندی زبان کو ملک گیر سطح پر نافذ کرنے کی کوششوں کے خلاف بطور احتجاج خود کو آگ لگا کر ہلاک ہو گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انڈین پولیس نے اتوار کو بتایا کہ سنیچر کو جنوبی انڈیا کے شہر تمل ناڈو میں 85 سالہ کسان تھنگویل نے مٹی کا تیل چھڑک کر خود کو آگ لگا لی۔
اُنہوں نے تمل زبان میں ایک پلے کارڈ بھی اٹھا رکھا تھا جس میں لکھا تھا کہ ’مودی حکومت ہندی کو مسلط کرنا بند کرے۔ ہمیں اپنی ادبی لحاظ سے زرخیز تمل پر ہندی کا انتخاب کرنے کی کیا ضرورت ہے۔ یہ ہماری نوجوان نسل کے مستقبل کو متاثر کرے گا۔‘
اس کیس کے حوالے سے کارروائی کرنے والے آفیسر سینتھل نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’تھنگویل نے خود کو مار لیا اور انہوں نے مرکزی حکومت کے خلاف بینر لکھا تھا۔‘
تھنگویل نے ہفتے کو تمل نڈو کی حکمراں جماعت ڈی ایم کے پارٹی، جس کے وہ ممبر بھی تھے، کے سِلم میں ایک دفتر کے باہر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔
 پارٹی کے سربراہ ایم کے سٹالن، جنہوں نے بی جے پی حکومت کی زبان کے حوالے سے پالیسیوں پر تنقید کی ہے، تھنگویل کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی لیکن دوسروں پر زور دیا کہ وہ ایسے شدید احتجاج سے گریز کریں۔
واضح رہے کہ کچھ گزشتہ مہینے انڈیا کے وزیرِ داخلہ امت شاہ نے اراکینِ پارلیمنٹ کے ایک گروپ کے ساتھ مل کر ہندی کو قومی و سرکاری زبان بنانے کی سفارش کی تھی جس کے بعد ملک بھر میں ردِعمل دیکھنے میں آیا تھا اور اس کی شدید مذمت کی گئی۔

پولیس کے مطابق ’85 سالہ کسان تھنگویل نے مٹی کا تیل چھڑک کر خود کو آگ لگا لی۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)

اس سے قبل ہندو قوم پرست وزیرِاعظم نریندر مودی نے بھی انگریزی زبان کو غلام ذہنیت قرار دیتے ہوئے ہندی زبان کو فروغ دینے کا عزم ظاہر کیا تھا۔
ان کے اس عزم کے بعد جنوبی ہندوستان کے لوگوں میں خاصہ غم و غصہ نظر آیا۔ یاد رہے کہ زیادہ تر جنوبی انڈیا میں دراوڑی زبانیں بولی جاتی ہیں جو ہندی زبان سے بلکل مختلف ہیں۔
سنہ 2011 کے اعداد و شمار کے مطابق صرف 44 فیصد یعنی نصف سے بھی کم انڈیا کی آبادی ہندی زبان جانتی ہے۔
انڈیا میں زبان کا معاملہ ایک طویل عرصے سے چل رہا سیاسی مسئلہ ہے۔ سنہ 1960 میں اس وقت کی حکمراں کانگریس پارٹی نے ہندی کو سرکاری و قومی زبان بنانے کی کوشش کی تھی، جس کی وجہ سے جنوبی انڈیا میں مسلسل ناراضگی پائی جاتی تھی۔

شیئر: