Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کتے کے بھونکنے پر آسٹریلین خاتون کو قتل کرنے والا شخص انڈیا میں گرفتار

راجوندر نے آسٹریلین خاتون کو سمندر کنارے دفنا دیا تھا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈٰیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں پولیس نے ایک شہری کو آسٹریلین خاتون کے قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔
انڈین چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق راجوندر سنگھ نے آسٹریلیا میں 2018 میں ٹویہ کورڈنگلی نامی خاتون کو قتل کیا تھا اور آسٹریلین حکومت نے ان کے سر کی قیمت 10 لاکھ آسٹریلین ڈالر رکھی تھی۔
تفتیش کاروں کے مطابق 38 سالہ راجوندر سنگھ نے آسٹریلین خاتون کو کوئینز لینڈ میں اس لیے قتل کیا کیونکہ خاتون کے کتے نے ان پر بھونکا تھا۔
رپورٹ کے مطابق 2018 میں راجوندر سنگھ اپنی بیوی سے لڑائی کے بعد سمندر پر گھوم رہے تھے جب آسٹریلین خاتون کا کتا ان پر بھونکنے لگا جس کے بعد دونوں میں تلخ کلامی ہوئی اور انڈین شہری نے خاتون پر حملہ کرکے انہیں قتل کردیا۔
انڈین قاتل نے ٹویہ کورڈنگلی کی نعش کو سمندر کے کنارے دفن کردیا اور کتے کو وہاں درخت سے باندھ کر فرار ہوئے اور کچھ دنوں بعد اپنی بیوی اور تین بچوں کو چھوڑ کر آسٹریلیا سے انڈیا منتقل ہوگئے۔
ایک سینیئر پولیس اہلکار نے این ڈی ٹی وی کو بتایا راجوندر سنگھ کی گرفتاری انٹرپول کے تعاون سے عمل میں آئی ہے۔
راجوندر کی گرفتاری کے بعد انہیں مقامی عدالت نے پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔

شیئر: